طاقتور مون سون ہوائیں سندھ میں داخل ہو گئی ہیں جس کے باعث مختلف شہروں میں آج سے بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 17 سے 19 اگست تک سندھ کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارشیں متوقع ہیں۔
کراچی کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے پیش گوئی کی ہے کہ آج شہر کا موسم مرطوب اور مطلع جزوی ابر آلود رہے گا، مضافاتی علاقوں میں بارش کے امکانات ہیں جبکہ پیر کو شہر میں گرج چمک کے ساتھ درمیانی بارش اور منگل کو کہیں کہیں موسلا دھار بارش ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کا سلسلہ 23 اگست تک جاری رہ سکتا ہے اور اس دوران تیز بارش کے ایک سے دو اسپیل آئیں گے جس سے اربن فلڈنگ کا خدشہ موجود ہے۔
یہ بھی کہا گیا ہے کہ شدید بارش، آندھی اور بجلی گرنے کے باعث روزمرہ معمولات زندگی متاثر ہو سکتے ہیں۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں، جیکب آباد، شکارپور، لاڑکانہ، قمبر شہدادکوٹ، کشمور، نوشہرو فیروز، دادو، میرپور خاص، سانگھڑ، خیرپور، شہید بینظیرآباد، حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈو محمد خان، ٹنڈو الہ یار، عمرکوٹ، ٹھٹہ، بدین اور تھرپارکر میں درمیانی سے شدید بارش اور کہیں کہیں موسلا دھار بارش کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے دوران شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کے امکانات ہیں جبکہ گڈو اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔ کوٹری بیراج میں پانی کا بہاؤ فی الحال معمول کے مطابق ہے۔
پی ڈی ایم اے سندھ نے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے، جبکہ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ بارش کے دوران بجلی کے کھمبوں اور کمزور ڈھانچوں سے دور رہیں۔ کسانوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی فصلوں اور زرعی سرگرمیوں کو موسم کی پیش گوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دیں۔