پنجاب بھر میں طوفانی بارشیں: پی ڈی ایم اے نے سیاحوں کو اہم ہدایات جاری کردیں

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اتوار سے شدید مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ اس حوالے سے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے سیاحوں کو نقل و حمل محدود کرنے کی ہدایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق مون سون بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے پنجاب نے مری اور گلیات میں 17 سے 19 اگست تک سیاحوں کی نقل و حمل محدود کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔

سیکرٹری سیر و سیاحت، کمشنر راولپنڈی اور ڈی سی مری کو جاری مراسلے میں پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں کے باعث مری و گلیات میں لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات ہیں۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کا کہنا ہے کہ ممکنہ طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے خدشے کے پیش نظر سیاح محفوظ مقامات پر رہیں۔

پی ڈی ایم اے نے مری میں سیاحوں کے داخلے کو مسلسل نوٹ کرنے اور مری ضلعی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ ٹریفک کے بہاؤ کے لیے ٹریفک پولیس کو بھی تمام حساس مقامات پر الرٹ رہنے کا کہا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیاحوں کو ممکنہ بارشوں اور فلیش فلڈنگ کے بارے آگاہی فراہم کی جائے۔ سیاح اور شہری پہاڑی علاقوں کے غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

Similar Posts