نقب زنی کا ملزم گرفتار، کروڑوں مالیت کا چوری شدہ مال برآمد

لاہور میں نقب زنی کے مطلوب ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے جس  سے کروڑوں مالیت کا چوری شدہ مال بھی برآمد ہوا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا کی ہدایات پر جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا مزید تنگ ہوگیا ہے۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد نوید نے انچارج شاد باغ انویسٹی گیشن تنزیل الرحمٰن  کو ملزم کی گرفتاری کا ٹاسک دیا تھا۔

ایس ایس پی محمد نوید نے برآمد ہونے والے طلائی زیورات اور دیگر سامان مالکان کے سپرد کر دیا جبکہ ملزم سے ساڑھے 3 کروڑ مالیت کے 70 تولے طلائی زیورات، آرٹیفشل جیولری، 6 قیمتی گھڑیاں اور 2ٹیب برآمد ہوئے۔ 

ملزم سے موبائل فونز، 6 عدد ایل سی ڈی اور آلات نقب زنی برآمد ہوئے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ ملزم دن کے وقت ریکی کرتا اور جن گھروں پر تالے لگے ہوتے رات کے وقت قیمتی سامان چوری کر کے فرار ہو جاتا تھا۔

دوران تفتیش ملزم نے شہر کے مختلف علاقوں میں نقب زنی کی متعدد وارداتوں کا انکشاف کیا۔  ایس ایس پی انویسٹی گیشن نے بتایا کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔

ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید نے انچارج انویسٹی گیشن شادباغ تنزیل الرحمٰن اور پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ان میں تعریفی اسناد تقسیم کیں۔

Similar Posts