ملائیکہ اروڑہ نے دوسری شادی کا عندیہ دے دیا ، دُلہا کون؟

0 minutes, 0 seconds Read

بالی ووڈ اداکارہ، ڈانسر اور ماڈل ملائیکہ اروڑہ نے اپنی زندگی میں دوبارہ محبت اور شادی کے امکان پر کھل کر بات کی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق، 51 سالہ ملائیکہ نے ایک حالیہ انٹرویو میں کہا کہ وہ محبت پر پورا یقین رکھتی ہیں اور دوسری شادی کے حوالے سے کبھی ”نہ“ نہیں کہا۔

انہوں نے اپنے تجربے سے سبق سکھاتے ہوئے نوجوان لڑکیوں کو مشورہ دیا کہ شادی کے فیصلے میں جلد بازی نہ کریں، بلکہ زندگی کو سمجھنے کے بعد ہی اس اہم قدم کو اٹھائیں۔

ملائیکہ نے بتایا کہ جب ارباز خان سے شادی کی تھی تو وہ بہت کم عمر تھیں اور آج اگر وہ نوجوان لڑکیوں کو نصیحت کریں تو یہ کہیں گی کہ شادی کا فیصلہ آرام سے کریں کیونکہ یہ بہت بڑا کمٹمنٹ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ”لڑکیوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ اتنی جلدی شادی کرنے کی ضرورت نہیں، تھوڑا کام کریں، زندگی کی سمجھ بوجھ پیدا کریں، پھر یہ قدم اٹھائیں۔“

ملائیکہ اروڑہ اور ارباز خان نے 1998 میں شادی کی تھی، اور چار سال بعد 2002 میں ان کے بیٹے ارہان خان کی ولادت ہوئی۔ تقریباً 18 سال کی شادی کے بعد یہ جوڑا 2016 میں الگ ہوگیا اور 2017 میں حتمی طلاق ہوگئی۔ ارباز خان نے طلاق کے کئی سال بعد 2023 میں بالی ووڈ کی مشہور میک اپ آرٹسٹ سے دوسری شادی کرلی۔

دوسری جانب، ملائیکہ نے 2018 میں بالی ووڈ اداکار ارجن کپور کے ساتھ تعلقات شروع کیے تھے، جو کئی سال تک زیرِ بحث رہے، لیکن 2024 میں دونوں کے درمیان رشتہ ختم ہوگیا۔ تاہم، دونوں اب بھی اچھے تعلقات رکھتے ہیں اور گزشتہ برس ملائیکہ کے والد کے انتقال کے وقت ارجن ان کے ساتھ موجود تھے۔

جب ملائیکہ سے پوچھا گیا کہ کیا وہ مستقبل میں دوبارہ شادی کے بارے میں سوچتی ہیں تو انہوں نے کہا، میں نے کبھی بھی ’نہ‘ نہیں کہا، میں ایک رومانٹک خاتون ہوں، محبت پر یقین رکھتی ہوں اور محبت سے جڑی ہر چیز پر یقین رکھتی ہوں۔

ملائیکہ کے اس بیان نے ان کے مداحوں میں ایک نئی امید جگا دی ہے کہ شاید وہ دوبارہ محبت کے سفر پر نکلنے کو تیار ہیں۔

Similar Posts