صنم ماروی اور احمد شاہ کے درمیان تنازع ختم، غلط فہمیاں دور

0 minutes, 0 seconds Read

نامورگلوکارہ صنم ماروی اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے صدر احمد شاہ کے مابین پیدا ہونے والا تنازع بالآخر ختم ہوگیا۔ دونوں شخصیات نے باہمی غلط فہمیاں دور کرتے ہوئے ایک دوسرے کو معاف کردیا۔

چند روز قبل صنم ماروی نے احمد شاہ کے خلاف 5 کروڑ روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوایا تھا، جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 10 اگست کو سکھر میں سندھ حکومت کے زیر اہتمام ایک تقریب کے دوران احمد شاہ نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اپنایا، نازیبا الفاظ استعمال کیے اور دھکے دیے، جس سے وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئیں۔ گلوکارہ نے نوٹس میں معافی کا مطالبہ کیا تھا بصورت دیگر قانونی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔

احمد شاہ نے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے کسی قسم کی بدتمیزی یا دھمکی نہیں دی، تاہم معاملہ طول پکڑ گیا۔ بعدازاں وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ اور معروف ادیبہ نورالہدیٰ شاہ نے دونوں کے درمیان صلح کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔

وزیر ثقافت کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کردہ ویڈیو میں احمد شاہ نے صنم ماروی کے لیے نرم لہجہ اختیار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے لیے بہن اور بیٹی جیسی ہیں، اختلافات محض غلط فہمیوں کی بنیاد پر پیدا ہوئے تھے، جنہیں اب ختم کردیا گیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ان کے اسٹاف کے رویے سے صنم ماروی کو تکلیف پہنچی۔

دوسری جانب صنم ماروی نے بھی سندھی زبان میں اپنے بیان میں کہا کہ تمام گلے شکوے ختم ہوچکے ہیں، وہ سندھ کی ثقافتی روایات کے تحت اپنے الزامات واپس لے رہی ہیں اور عوام کی محبت و حمایت پر شکر گزار ہیں۔

Similar Posts