خیبرپختونخوا کے دیگر سیلاب زدہ اضلاع بشمول بونیر، سوات اور شانگلہ میں بھی پاک فوج کی جانب سے فلڈ ریلیف آپریشن پانچویں روز جاری ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز راشن اور دیگر ضروری سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچا رہے ہیں۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں 427 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
صوابی کے دالوڑی علاقے میں سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاری کے بعد سرچ آپریشن جاری ہے۔ اب تک 29 لاشیں نکال لی گئی ہیں جبکہ ریسکیو اور امدادی ٹیمیں زخمیوں کی تلاش میں مصروف ہیں۔
آپریشن میں پاک فوج، ریسکیو اور مختلف فلاحی تنظیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ شدید بارش اور سیلاب کی وجہ سے سڑکوں پر پتھروں کے ڈھیر اور کیچڑ کی موجودگی نے امدادی سرگرمیوں کو متاثر کیا ہے، جس کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
بارش، کلاؤڈ برسٹ اور سیلاب سے متعلق این ڈی ایم اے کی رپورٹ جاری
خیبرپختونخوا میں سیلابی ریلے، بارش اور کلاؤڈ برسٹ سے شدید جانی نقصان ہوا ہے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں 427 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جن میں 321 مرد، 60 بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ زخمیوں کی تعداد 270 ہے جن میں 182 مرد، 45 بچے اور 43 خواتین شامل ہیں۔ بارشوں اور سیلاب کی شدت کے باعث مختلف علاقوں میں تباہی پھیلی ہوئی ہے اور امدادی کارروائیاں جاری ہیں تاکہ متاثرین کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں مزید بارشوں کی پیش گوئی
خیبرپختونخوا میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے اور صوبے کے بیشتر اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پشاور، ہزارہ، ملاکنڈ، کوہاٹ، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، صوابی، چترال، دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، کوہستان، بٹگرام، تورغر، مانسہرہ، ہری پور، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند، خیبر، اورکزئی، ہنگو، کرک، لکی مروت، بنوں، ٹانک، ڈی آئی خان اور شمالی و جنوبی وزیر ستان میں بارش کا امکان ہے۔
پشاور میں کم سے کم درجہ حرارت 23 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو موسمی حالات سے باخبر رہنے اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے سے مقامی انتظامیہ کو بھی متحرک رہنے اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار رہنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ عوام کو کسی بھی قسم کے نقصان سے محفوظ رکھا جا سکے۔
ہیلی کاپٹرز کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں راشن کی فراہمی
خیبرپختونخوا کے سیلاب متاثرہ اضلاع بونیر، سوات، شانگلہ اور صوابی میں پاک فوج کا فلڈ ریلیف آپریشن پانچویں روز بھی جاری ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز متاثرہ علاقوں میں راشن اور دیگر ضروری سامان پہنچا رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا میں سیلاب سے 358 اموات، تعلیمی ادارے بند، ڈی جی آئی ایس پی آر کی اہم بریفنگ
سیلاب زدہ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی زندگیوں کو لاحق خطرات کم کیے جا سکیں۔ پاک فوج کی کور آف انجینئرز کی ٹیم راستے کھولنے اور ملبے کو ہٹانے میں مصروف ہے، جبکہ اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم زخمیوں اور لاشوں کی تلاش میں سرگرم عمل ہے۔
پاک فوج کے ڈاکٹرز بھی متاثرہ علاقوں میں کیمپ لگا کر مریضوں کا مفت علاج کر رہے ہیں۔
وزیراعظم کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ
وزیراعظم شہباز شریف آج خیبرپختونخوا کے سیلاب سے متاثرہ اضلاع خصوصاً بونیر کا دورہ کریں گے۔ دورے کے دوران انہیں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم بونیر میں سیلاب متاثرین کے لیے ایک تقریب سے خطاب بھی کریں گے اور متاثرین میں امداد تقسیم کریں گے۔
وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام اور دیگر حکام بھی موجود ہوں گے۔ اس دورے کا مقصد متاثرین کی حالت زار کا جائزہ لینا اور فوری امدادی سرگرمیوں کو مزید موثر بنانا ہے۔