فیصل خان نے اپنے بھائی عامر خان پر مزید سنگین الزامات عائد کردیے

0 minutes, 0 seconds Read

بالی وڈ کے معروف اداکار فیصل خان نے ایک بار پھر اپنے بڑے بھائی اور سپر اسٹار عامر خان کے خلاف حیران کن اور سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

فیصل نے اپنے بھائی اور پورے خاندان سے تمام تعلقات ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عامر خان نے شادی شدہ ہونے کے باوجود ایک غیر ملکی صحافی جیسیکا ہائنز کے ساتھ تعلقات استوار کیے اور ان سے ایک بچہ بھی ہے۔ اب انہوں نے کہا ہے کہ عامر ان دعوؤں کو مسترد نہیں کر سکتے۔

’عامر خان نے مجھے ایک سال تک گھر میں قید رکھا‘، بھائی فیصل کا انکشاف

فیصل خان نے یہ بات ممبئی میں ایک پریس کانفرنس کے دوران میڈیا کے سامنے رکھی، جس کے کئی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکے ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ عامر خان کا خاندانی رشتہ بہت پیچیدہ ہے اور ان کی ذاتی زندگی کی عوام کے سامنے جھوٹی تصویرپیش کی جاتی ہے، جو حقیقت سے بہت دور ہے۔

عامر خان کے بھائی اور میلا فلم کےمعروف اداکار اب کس حال میں ہیں؟

پریس کانفرنس میں فیصل خان نے کہا کہ ان کے خاندان نے ان پر دباؤ ڈالا کہ وہ دوبارہ شادی کریں، جبکہ عامر خان کی رینہ دتہ سے طلاق ہو چکی تھی اور وہ جیسیکا ہائنز کے ساتھ تعلقات میں تھے، جس سے ان کا ایک بچہ بھی ہے۔

فیصل نے کہا، ”میرا خاندان مجھ پر دوبارہ شادی کا دباؤ ڈال رہا تھا، لیکن میں نے انہیں سمجھانے کی کوشش کی کہ مجھے پہلے اپنی زندگی سنوارنی ہے۔“

فیصل نے مزید الزام لگایا کہ ان کے خاندان نے انہیں ذہنی بیمار بتا کر نفسیاتی معائنے اور نشہ آور دوائیں دی، اور ایک سال تک انہیں گھر میں قید رکھا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف جھوٹا تاثر پھیلایا گیا کہ وہ ذہنی طور پر کمزور ہیں۔

پریس کانفرنس میں فیصل خان نے کہا کہ ان کی بہن نے اس پریس کانفرنس کو روکنے کی کوشش کی، مگر وہ اپنی بات پر قائم رہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اپنے خاندان سے مکمل طور پر الگ ہو چکے ہیں، والدین کی جائیداد میں حصہ نہیں لیں گے اور عامر خان کے ساتھ کوئی مالی یا ذاتی تعلق نہیں رکھیں گے۔

فیصل نے انسٹاگرام پر بھی پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ”دل شکستہ ہو کر میں اپنے پورے خاندان سے تعلقات ختم کر رہا ہوں۔ یہ فیصلہ بہت مشکل تھا، لیکن زندگی میں آگے بڑھنے کے لیے ضروری تھا۔ میں اپنی زندگی کے نئے دور میں سچائی اور مثبت سوچ کے ساتھ مضبوط کھڑا ہوں گا۔“

عامر خان اور رینہ دتہ کی شادی 1986 میں ہوئی تھی اور ان کے دو بچے ایرا خان اور جنید ہیں۔ جوڑے کی 2002 میں طلاق ہو گئی تھی۔

فیصل خان نے بتایا کہ جب عامر کی شادی ٹھیک نہیں چل رہی تھی تو وہ ان کے قریب تھے اور کام کی جدوجہد میں مصروف تھے۔ انہوں نے کہا کہ عامر نے اپنی پروڈکشن کمپنی ’عامر خان پروڈکشنز‘ بنائی اور فلم ’لگان‘ پر کام شروع کیا، جبکہ رینہ ان کی مدد کر رہی تھیں۔ لیکن ان کا رشتہ خراب ہو گیا۔ یہ ان کی ذاتی زندگی کا معاملہ تھا، میں دخل اندازی نہیں کر سکتا تھا۔

جیسیکا ہائنز کے ساتھ تعلقات کے الزامات پر فیصل نے دعویٰ کیا ہے کہ عامر نے رینہ سے شادی شدہ رہتے ہوئے جیسیکا ہائنز کے ساتھ تعلقات رکھے اور پھر کرن راؤ کے ساتھ رہنے لگے۔

فیصل نے الزام لگایا کہ عامر اپنی عوامی شبیہ کو بہت صاف اور مثالی بنانے کی کوشش کرتے ہیں، جو حقیقت سے مختلف ہے۔

اب تک عامر خان یا ان کے خاندان کی جانب سے فیصل خان کے الزامات پر کوئی باقاعدہ جواب سامنے نہیں آیا۔ عامر خان کے اہل خانہ نے ایک مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں انہوں نے فیصل خان کے دعوے کو بے بنیاد، گمراہ کن اور تکلیف دہ قرار دیا ہے۔ اہل خانہ نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ یہ خاندانی معاملہ ہے اور اسے سنسنی خیز انداز میں پیش نہ کیا جائے۔

فیصل خان کے ان الزامات اور خاندانی اختلافات نے سوشل میڈیا اور میڈیا میں کافی ہنگامہ مچایا ہے۔ اس سلسلے میں عامر خان کا کوئی ردعمل سامنے آنا ابھی باقی ہے، جس کے بعد ہی اس معاملے کی پوری تصویر واضح ہو سکے گی۔

Similar Posts