بانی پی ٹی آئی نے محمود اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کیلئے نامزد کردیا

0 minutes, 0 seconds Read

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈرز کے لیے اہم نامزدگیاں کر دی ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منظوری سے محمود خان اچکزئی کو قومی اسمبلی میں اور اعظم سواتی کو سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر نامزد کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان سلمان اکرم راجہ نے بتایا کہ ضمنی انتخابات کے حوالے سے مشاورت پارٹی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کی جائے گی اور فیصلہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں انسداد دہشت گردی عدالت سے سزا پانے کے باعث قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے تحریک انصاف کے عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف کے عہدے سے ہٹانے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

عمر ایوب نا صرف قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر کے عہدے سے محروم ہوئے بلکہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سمیت قومی اسمبلی کی تمام قائمہ کمیٹیوں سے بھی انہیں ہٹا دیا گیا تھا۔

الیکشن کمیشن نے عدالت کے فیصلے کے بعد عمر ایوب اور شبلی فراز کی نااہلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا تھا جس کے خلاف دونوں رہنماؤں نے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کر رکھا ہے۔

ان کے علاوہ پی ٹی آئی کے 7 نااہل ارکان سے 15 قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت بھی واپس لی جا چکی ہے۔

صاحبزادہ حامد رضا کی قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی چیئرمین شپ ختم کی گئی، زرتاج گل قائمہ کمیٹی انسانی حقوق کی رکنیت سے ہاتھ دھو بیٹھی ہیں اور رائے حسن نواز سے قائمہ کمیٹی ریلوے کی چیئرمین شپ واپس لے لی گئی تھی۔

Similar Posts