بالی وڈ کے لیجنڈری اداکار امیتابھ بچن نے حالیہ بلاگ پوسٹ میں اپنے بڑھاپے اور اس سے جڑے روزمرہ چیلنجز پر روشنی ڈالی ہے۔
بادشاہ امیتابھ بچن، جو اپنے ذاتی بلاگ پر اکثر اپنی زندگی کے تجربات، خیالات اور جذبات شیئر کرتے ہیں، اس بار ایک حساس مگر حقیقت پسندانہ موضوع لے کر سامنے آئے۔ ”بڑھاپا اور اس کے اثرات“۔
امیتابھ بچن کی 82 سال کی عمر میں بھی شاندار فٹنس کا راز کیا؟
اپنے بلاگ میں امیتابھ بچن نے لکھا کہ ان کی زندگی کا ایک بڑا حصہ دواؤں، جسمانی ورزش، اور صحت کے معمولات کے تابع ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزاحیہ مگر سنجیدہ لہجے میں لکھا، ”کچھ چیزیں جو پہلے آسان لگتی تھیں، اب اُن کے لیے ذہن کو تیار کرنا پڑتا ہے۔ جیسے کہ پتلون پہننا… ڈاکٹرز کہتے ہیں: ’براہِ کرم، بیٹھ کر پتلون پہنیں۔ کھڑے ہو کر پہننے کی کوشش نہ کریں، آپ کا توازن بگڑ سکتا ہے اور آپ گر سکتے ہیں‘۔“
’جانے کا وقت آگیا ہے‘، امیتابھ بچن کی ٹوئٹ نے مداحوں کی بے چینی بڑھا دی
82 سالہ بچن صاحب نے یوگا، سانس کی مشقیں، اور نقل و حرکت کی تربیت کو اب اپنی روزمرہ زندگی کا لازمی حصہ قرار دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اب گھر میں مختلف جگہوں پر ہینڈل بارز لگائے گئے ہیں تاکہ جسمانی توازن برقرار رکھا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا ، ”اب جھک کر کوئی چیز اٹھانا بھی مہم لگتا ہے۔ بہادری کہتی ہے کہ کر لو، لیکن جسم کہتا ہے کہ رُک جاؤ۔ جو حرکتیں پہلے خودبخود ہو جاتی تھیں، اب ان کے لیے ذہن اور جسم کو خاص تیاری کرنی پڑتی ہے۔“
اپنے قارئین کو متنبہ کرتے ہوئے، انہوں نے عمر کے ساتھ بدلتے ہوئے جسمانی حالات کو ایک کائناتی حقیقت قرار دیا۔
انہوں نے کہا، ”یہ سب کے ساتھ ہوگا۔ میں چاہتا ہوں کہ ایسا نہ ہو، لیکن وقت کے ساتھ سب کو اس کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ ہم جس دن دنیا میں آتے ہیں، اسی دن سے ہمارا سفر نیچے کی طرف شروع ہو جاتا ہے۔ جوانی میں زندگی کی گاڑی پوری رفتار سے دوڑتی ہے، مگر بڑھاپا آ کر بریک لگا دیتا ہے۔“
اگرچہ جسمانی چیلنجز بڑھ رہے ہیں، لیکن امیتابھ بچن کا فنی سفر اب بھی جاری ہے۔
امیتابھ بچن کو آخری بار 2024 میں ناگ اشون کی کالکی 2898 AD اور رجنی کانت کے ساتھ ”ویٹائیان“ میں دیکھا گیا تھا۔
اب وہ اپنی آنے والی فلم سیکشن 84 میں نظر آئیں گے، جس کی ہدایتکاری ربھو داس گپتا کر رہے ہیں، جبکہ کاسٹ میں دیانا پینٹی، نمرت کور اور ابھشیک بنرجی شامل ہیں۔