رجب بٹ اور ایمان کے ازدواجی مسائل پر ڈاکٹر عفّان قیصر کا دو ٹوک مشورہ

0 minutes, 0 seconds Read

معروف میڈیکل اینالسٹ اور سماجی شخصیت ڈاکٹرعفّان قیصر نے سوشل میڈیا جوڑی رجب بٹ اور ان کی اہلیہ کے درمیان کشیدگی بڑھانے کا ذمہ دار تیسرے فرد کی مداخلت کو قراردے دیا۔

مشہور یوٹیوبر رجب بٹ اور ایمان رجب کی شادی جو گزشتہ سال نہایت دھوم دھام سے ہوئی تھی، اب شدید ازدواجی مسائل کا شکار نظرآتی ہے۔ شادی کے بعد ان کی زندگی کی جھلکیاں وی لاگز کے ذریعے عوام تک پہنچتی رہیں، لیکن وقت کے ساتھ ساتھ ان کے تعلقات میں دراڑیں نمایاں ہوتی گئیں۔

رجب بٹ کی اپنی اہلیہ کے بھائی کو وارننگ، اختلافات کھل کر سامنے آگئے

ان دنوں رجب بٹ قانونی مسائل کے باعث پاکستان سے باہرہیں جبکہ ایمان، جو امید سے ہیں، پاکستان میں ہی موجود ہیں۔ ان کے تعلقات میں بگڑتے حالات پر سوشل میڈیا اور ٹی وی پر بھی بحث جاری ہے۔

ڈاکٹر عفّان قیصر نے ایک نجی ٹی وی چینل پر شرکت کے دوران اس جوڑے کو نہایت سنجیدہ اور مخلصانہ مشورے دیے۔

رجب بٹ کا اہلیہ کے ساتھ ناروا سلوک شدید تنقید کی زد میں

ڈاکٹر عفّان قیصر نے کہا کہ،”میری رجب اور ایمان سے گزارش ہے کہ وہ اپنے ازدواجی مسائل خود حل کریں، نہ کہ خاندان یا باہر کے لوگوں کو درمیان میں لائیں۔ کسی کمرے میں بیٹھیں، یا ایک لمبی ڈرائیو پر جائیں، بات کریں، دل کی سنیں اور ایک دوسرے کو سمجھیں۔“

انہوں نے مزید کہا کہ شوہر اور بیوی کے درمیان پیدا ہونے والے مسائل کو صرف وہی بہتر طریقے سے حل کر سکتے ہیں، بشرطیکہ وہ ایک دوسرے سے کھل کر بات کریں۔

ڈاکٹر عفّان نے خاص طور پر ایمان کے بھائی ”اعوان“ اور رجب بٹ کی والدہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ، ”میاں بیوی کے معاملے میں نہ ایمان کے بھائی کو ایمان کی طرف سے بولنے کا اختیا ر ہے اور نہ ہی رجب کی والدہ کسی فیصلے کو کرنے کی مجاز ہیں۔ یہ ان کے بیچ کا معاملہ ہےاورانہیں ہی اس کا حل تلاش کرنا چاہیے۔“

ان کا کہنا تھا کہ جب خاندان والے بیچ میں آتے ہیں تو اکثر بات بگڑ جاتی ہے اور تعلق ختم ہونے کے دہانے پر پہنچ جاتا ہے۔

ڈاکٹر عفّان قیصر کے یہ مشورے اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہے ہیں اور کئی صارفین ان سے اتفاق کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایسے مسائل کو نجی رکھنا ہی بہتر ہے، خاص طور پر جب دونوں شخصیات عوامی سطح پر جانی پہچانی ہوں۔

Similar Posts