موسلا دھار بارشوں نے ملک کے سب سے بڑے تجارتی شہر کراچی کو مفلوج کر کے رکھ دیا، جس کے باعث مختلف مارکیٹوں میں کاروباری سرگرمیاں مکمل طور پر ٹھپ ہو کر رہ گئیں۔
کراچی میں موسلا دھار بارشوں کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو گئے، جبکہ کاروبار کی بندش سے صرف دو دن میں تاجروں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا۔
تاجروں کے مطابق صرف دو دنوں میں انہیں مجموعی طور پر 10 ارب روپے سے زائد کا نقصان اٹھانا پڑا۔
شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کے پانی نے انفراسٹرکچر کی قلعی کھول دی۔ کئی علاقوں میں سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں، گٹر اُبل پڑے اور بازاروں میں کیچڑ نے خریداروں کا راستہ روک دیا۔
متاثرہ مارکیٹیں
لیاقت آباد، حیدری، پاپوش نگر، ایمپریس مارکیٹ، طارق روڈ، جوڑیا بازار، بولٹن مارکیٹ، جامع کلاتھ، لائٹ ہاؤس، میڈیسن مارکیٹ، موتن داس، موبائل اور الیکٹرانکس مارکیٹس سمیت متعدد کاروباری مراکز دو دن تک مکمل یا جزوی طور پر بند رہے۔
تاجروں کی شکایات
متعدد تاجروں نے بتایا کہ بارش کا پانی دکانوں میں داخل ہونے سے لاکھوں روپے کا مال خراب ہو گیا۔ بجلی کی عدم دستیابی نے بھی مسائل میں مزید اضافہ کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ دکانوں میں پانی بھرنے سے نہ صرف کاروبار متاثر ہوا بلکہ اب مرمت اور صفائی پر بھی بھاری اخراجات اٹھانے پڑ رہے ہیں۔ ایک دکاندار کے مطابق ”دو دن میں ہمارا کروڑوں کا نقصان ہو گیا، پانی دکان میں داخل ہوا، سارا اسٹاک خراب ہو گیا۔“
تاجروں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر متاثرہ علاقوں کی صفائی اور نکاسی آب کا مؤثر انتظام کرے، تاکہ آئندہ ایسی صورتحال سے بچا جا سکے۔
تاحال سرکاری سطح پر ریلیف یا نقصان کے ازالے سے متعلق کوئی واضح اعلان سامنے نہیں آیا، جبکہ بعض شہری حلقے انتظامی کارکردگی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
کراچی میں بارش کی صورت حال اور اموات
کراچی میں مختلف علاقوں سرجانی، نارتھ کراچی، شاہ فیصل، ملیر کینٹ، گلشن حدید اور انڈسٹریل ایریا میں شدید بارش ریکارڈ کی گئی۔ شارع فیصل، یونیورسٹی روڈ اور شارع پاکستان سمیت کئی سڑکوں پر دو روز سے پانی کھڑا ہے۔
شاہ فیصل تھانے کے علاقے میں بھی کئی فٹ پانی جمع ہو گیا ہے۔ کرنٹ لگنے، دیواریں گرنے اور نالوں میں ڈوبنے کے حادثات میں دو بھائیوں سمیت بیس افراد جان بحق ہو گئے۔ کورنگی کازوے ٹریفک کے لیے کھولا نہیں جا سکا۔
ادھر محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش برسانے والا سسٹم موجود ہے، یہ سسٹم وقت کے ساتھ مضبوط ہوگا۔ آج رات تک بارش کا اختتام ہو جائے گا۔ سانگھڑ، میرپور خاص اور ملحقہ علاقوں میں بارش کا زیادہ زور ہے۔