کبھی ”غریبوں کا کھانا“ کہلانے والے روایتی پکوان جو آج فائیو اسٹار ہوٹلوں کی شان بن چکے ہیں

0 minutes, 0 seconds Read

آج ہم جن مشہور اور مہنگے کھانوں کا لطف اٹھاتے ہیں، ان کی شروعات ایک سادہ اور سستی غذا کے طور پر ہوئی تھی جو عام لوگوں کے لیے تھی۔ یہ روایتی پکوان عام لوگوں کی ضرورت اور محدود بجٹ کے مطابق تیار کیے جاتے تھے، جو سادگی کے ساتھ ساتھ ذائقے کا بھی خیال رکھتے تھے۔

لیکن اب فائیو اسٹار ہوٹلز کے شیف ان کھانوں کو تازہ اور اعلیٰ معیار کے اجزاء کے ساتھ تیار کرتے ہیں، جس سے یہ مزید لذیذ اور مہنگے بن جاتے ہیں۔

اب پیزا، فش اینڈ چپس، جیسے کھانوں کی مثال سامنے ہے جو کبھی تیزی سے تیار ہو کر مزدوروں اور کم آمدنی والے خاندانوں کی دستر خوان کی زینت بنتے تھے۔ مگر آج فائیو اسٹار ہوٹلز کے ماہر شیف انہی روایتی کھانوں کو تازہ، اعلیٰ معیار کے اجزاء اور نفیس اندازِ پیشکش کے ساتھ کسٹمرز کو پیش کرتے ہیں اور منہ مانگے دام وصول کرتے ہیں۔

آئیے جانتے ہیں چند ایسے ہی روایتی پکوان جنہوں نے وی آئی پی پکوانوں کی جگہ لے لی ہے۔

پیزا

پیزا محض پگھلے ہوئے پنیر اور آٹے کی روٹی نہیں بلکہ ایک منفرد اور لذیذ پکوان ہے جس کی روٹی کو نرم اور تازہ آٹے سے بنایا جا تا ہے۔ اس پر ٹماٹر کی خوشبودار چٹنی، تازہ جڑی بوٹیاں اور مختلف قسم کی سبزیاں یا گوشت کی مزیدار ٹاپنگز رکھی جاتی ہیں۔

ہر سلائس کو ہاتھوں سے آرام سے کھایا جا سکتا ہے، جو اسے پارٹیوں اورلیٹ نائٹ ڈنر کے لیے خاص پسندیدہ بناتا ہے۔ پیزا کبھی ایک سادہ اطالوی سٹریٹ فوڈ تھا، مگر آج یہ فائن ڈائننگ ریسٹورنٹس کی شان بھی بن چکا ہے۔ جدید پیزا بنانے والے مختلف اقسام کے تیل، پنیر اور خاص فنکارانہ ٹاپنگز کے ذریعے اس کے ذائقے کو نیا انداز دیتے ہیں۔

ٹاکوس

ٹاکوس کبھی میکسیکو کے مزدوروں کا سادہ اور معمولی کھانا تھا، جس میں عام طور پر پھلیاں، گوشت اور تازہ سبزیاں بھری جاتی تھیں۔ لیکن حالیہ برسوں میں، یہ پکوان مہنگے اور معیاری اجزاء کے ساتھ عالیشان ریسٹورنٹس میں بھی دستیاب ہونے لگا ہے۔ ٹاکوس کی خاص بات ہر لقمے میں کرنچ، مصالحے کی تڑپ اور تازگی کا بہترین امتزاج ہوتا ہے جو اسے منفرد اور لذیذ بناتا ہے۔

فش اینڈ چپس

فش اینڈ چپس برطانیہ کا ایک روایتی اور مشہور پکوان ہے، جو کبھی فیکٹری کے مزدوروں کے لیے سستا اور بھرپور کھانا تھا۔ کرکرا تلا ہوا مچھلی کا ٹکڑا آلو کے فرائز کے ساتھ پیش کیا جاتا ہے، جس کے ساتھ عموماً نمک، سرکہ یا مٹر بھی دیے جاتے ہیں۔

اگرچہ یہ ابتدا میں ایک سادہ اسٹریٹ فوڈ تھا، لیکن آج یہ برطانیہ کا قومی کھانا بن چکا ہے۔ اب یہ مشہور پکوان اعلیٰ معیار کی مچھلی اور مختلف ذائقہ دار سوسز کے ساتھ مہنگے اور شاندار ریسٹورنٹس میں بھی دستیاب ہے، جو اس کی مقبولیت اور شان کو مزید بڑھاتا ہے۔

اڈلی اور ڈوسا

اڈلی اور ڈوسا جنوبی ہندوستان کے سادہ مگر صحت بخش پکوان ہیں جو چاول اور دال کے بیٹر سے تیار کیے جاتے ہیں۔ اڈلی نرم، بھاپ میں پکی ہوئی ہلکی پھلکی ڈش ہے جو عام طور پرچٹنی کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔ ڈوسا پتلا اور کرارا ہوتا ہے، جو سادہ یا آلو کے مسالے سے بھر کر پیش کیا جاتا ہے۔

چاٹ

چاٹ ایک ایسا پکوان ہے جو ذائقوں کی بھرپور دنیا پیش کرتا ہے۔ اس میں کراری تلی ہوئی اشیاء جیسے پاپڑی یا پوری ہوتی ہیں، جن کے اوپر آلو، چنے، دہی، چٹنیاں اور مختلف مصالحے ڈالے جاتے ہیں۔ ہر لقمے میں میٹھا، کھٹا، تیکھا اور کرکرا ذائقہ ایک ساتھ محسوس ہوتا ہے۔ چاٹ عموماً سڑک کنارے کی دکانوں پر کھائی جاتی ہے، مگر آج کل بہت سے ریسٹورنٹس اسے منفرد اجزاء اور خوبصورت انداز میں پیش کرتے ہیں۔

دال

دال ہر گھر کا لازمی حصہ ہے اور شوق سے کھائی جاتی ہے۔ یہ دالیں مصالحوں، پیاز اور ٹماٹر کے ساتھ پکائی جاتی ہیں اور کبھی ہلکی اور کبھی گاڑھی ہوتی ہے۔ دال پروٹین سے بھرپور ہوتی ہے اور عموماً چاول یا روٹی کے ساتھ کھائی جاتی ہے۔

دال کے مختلف ذائقے ہوتے ہیں؛ جیسے کریمی دال مکھنی کی شکل اختیار کر لیتی ہے۔ آج کل فائن ڈائننگ ریسٹورنٹس میں شیفز دال کو جدید مصالحوں اور خوبصورت پیشکش کے ساتھ پیش کرتے ہیں، مگر اس کا گھر جیسا ذائقہ برقرار رکھتے ہیں۔

پاو بھاجی

پاو بھاجی بھارت کی ایک لذیذ مگر سستی اسٹریٹ فوڈ ہے جو مسلی ہوئی سبزیوں سے تیار کی جاتی ہے اور مکھن لگے ہوئے بریڈ رولز کے ساتھ پیش کی جاتی ہے۔ یہ آلو، مٹر، ٹماٹر اور مصالحوں کا مرکب ہوتی ہے جو اچھی طرح پک کر نرم ہو جاتی ہے اور اس کے اوپر مکھن، پیاز اور لیموں کا اضافہ کیا جاتا ہے۔ پاو کو اسی گرم توے پر سینکا جاتا ہے تاکہ وہ بھاجی کے ذائقے کو اچھی طرح جذب کر لے۔

پاو بھاجی کا آغاز مزدوروں کے لیے سادہ کھانے کے طور پر ہوا تھا، مگر آج کل شیفز ہوٹلوں میں اس کے ذائقے کو اعلیٰ معیار کے مکھن، منفرد مصالحوں اور پنیر کے ساتھ بڑھا رہے ہیں۔

Similar Posts