صدر مملکت آصف علی زرداری نے 11ویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) تشکیل دے دیا، تاکہ قابل تقسیم وسائل کی مرکز اور صوبوں کے درمیان تقسیم کے لیے نئے ایوارڈ کا اعلان کیا جا سکے، جس کا چیئرمین وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو مقرر کیا گیا ہے۔
وزارتِ خزانہ میں قائم این ایف سی سیکریٹریٹ سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کو کمیشن کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے خزانہ کمیشن کے ارکان ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق 11واں این ایف سی کمیشن 9 ارکان پر مشتمل ہے۔ ہر صوبے سے ایک ٹیکنوکریٹ بھی کمیشن کا رکن ہوگا۔
ٹیکنوکریٹس میں پنجاب سے ناصر محمود کھوسہ، سندھ سے اسد سعید، بلوچستان سے فرمان اللہ اور خیبرپختونخوا سے مشرف رسول شامل کیے گئے ہیں۔
وزارت خزانہ کے مطابق جولائی 2020 میں تشکیل دیا گیا پچھلا مالیاتی کمیشن اب تحلیل کر دیا گیا ہے، اور ساتویں این ایف سی ایوارڈ کے بعد اب نیا، 11واں ایوارڈ تشکیل دیا جا رہا ہے۔
جاری نوٹیفکشن کے تحت وفاقی وزارت خزانہ کمیشن کے لیے سیکریٹریٹ سپورٹ فراہم کرے گی۔
قومی مالیاتی کمیشن وسائل کی تقسیم سے متعلق اپنی سفارشات، وفاق اور صوبوں کے درمیان مالیاتی وسائل کی تقسیم پر تجاویز دے گا۔