دہشت گردی کے پیچھے بھارتی سازشیں اور وسائل کارفرما ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

0 minutes, 0 seconds Read

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے تمام واقعات کے پیچھے بھارت کی منفی سوچ اور وسائل کارفرما ہیں، تاہم افواجِ پاکستان اس پراکسی جنگ کا مکمل خاتمہ کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے یہ بات کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) کے وفد سے ملاقات کے دوران کہی، جس کی قیادت کاظم خان نے کی۔ ملاقات کے دوران ملکی سیکیورٹی صورتحال، میڈیا کے کردار اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا سرمایہ ہیں اور ان کی مثبت سوچ ملک کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے بلوچستان میں دشمن کے منفی پراپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ مایوسی پھیلانے کی یہ کوششیں ناکام ہوں گی کیونکہ بلوچستان کے محب وطن عوام دشمن کے عزائم سے بخوبی واقف ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی میڈیا نے ہمیشہ قومی مفادات کو مقدم رکھتے ہوئے ذمہ دارانہ صحافت کا مظاہرہ کیا۔ خاص طور پر ”معرکہ حق“ کے دوران میڈیا نے بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا۔

اس موقع پر سی پی این ای کے وفد نے افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق کے دوران آئی ایس پی آر نے کلیدی کردار ادا کیا اور بروقت معتبر اطلاعات کی فراہمی سے قوم کا اعتماد بحال رکھا۔ وفد کا کہنا تھا کہ یہ تاریخی کامیابی ریاست، قوم اور عسکری اداروں کی مشترکہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے۔

Similar Posts