ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے سال 2025 کی پہلی ششماہی میں 3.64 ارب روپے کا پری ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 39.4 فیصد زیادہ ہے۔ مالیاتی نتائج کی منظوری بینک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 30 جون 2025 کو ختم ہونے والی مدت کے لیے منظوری دے دی۔
رپورٹ کے مطابق یہ کارکردگی زیادہ تر ڈیجیٹل قرضہ جات کی فراہمی، مارک اپ آمدن میں اضافے اور پیمنٹس سے حاصل ہونے والی فیسوں کی مضبوط آمدن کے باعث ممکن ہوئی، باوجود اس کے کہ اسٹیٹ بینک کا ڈسکاؤنٹ ریٹ کم ہو کر 11 فیصد پر آگیا۔
نیٹ مارک اپ آمدن میں 15.6 فیصد جبکہ نان مارک اپ آمدن میں 60.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ اس میں خاص طور پر کیش ٹرانزیکشنز، لوڈ و بنڈل پراڈکٹس، کارپوریٹ کلیکشنز اور انشورنس پراڈکٹس کا بڑا کردار رہا۔
اگرچہ آپریٹنگ اخراجات میں 9.6 فیصد اضافہ ہوا، لیکن معاوضوں میں کمی کی بدولت لاگت سے آمدن کا تناسب 80.5 فیصد سے کم ہوکر 66.9 فیصد تک آ گیا، جو آپریشنز میں بہتری کا اشارہ ہے۔
بینک کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم میں بھی واضح ترقی دیکھی گئی، اور ماہانہ فعال صارفین کی تعداد 1.82 کروڑ ہو گئی۔ صارفین کے ڈپازٹس 94.7 ارب روپے تک پہنچ گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 41.3 فیصد زیادہ ہیں۔ بینک کا CASA ریٹ 98.1 فیصد اور ڈپازٹس کی لاگت انڈسٹری میں سب سے کم 1.57 فیصد رہی۔
کل ایڈوانسز 27.7 ارب روپے رہے، جس کے ساتھ لون ٹو ڈپازٹ ریشو 25 فیصد اور نان پرفارمنگ لونز کا تناسب 16.1 فیصد رہا، جن کا کوریج ریشو 91.4 فیصد ہے۔ بینک کی مجموعی ایکویٹی 16.8 ارب روپے اور کیپیٹل ایڈی کوئسی ریشو 20.52 فیصد پر مستحکم رہی۔
ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر و سی ای او، جہانزیب خان نے کہا ”سال 2025 کی پہلی ششماہی میں ہماری شاندار کارکردگی اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم پاکستان میں ڈیجیٹل بینکاری کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم صارفین کو آسان اور موثر مالی سہولیات فراہم کر رہے ہیں اور ہمارا سفر جاری ہے۔“
چیف فنانشل آفیسر، امین سکھیا نی نے کہا ”ہم اپنی پروڈکٹ رینج میں وسعت لا رہے ہیں، جن میں فارن ایکسچینج، اسلامی بینکاری، کریڈٹ کارڈز، ریمٹینسز اور ’Buy Now Pay Later‘ جیسی سہولیات شامل ہیں، تاکہ صارفین کو مزید مالی قدر فراہم کر سکیں۔“
ایزی پیسہ، جو ملک کا پہلا کمرشل ڈیجیٹل بینک ہے اور 55 ملین سے زائد رجسٹرڈ صارفین رکھتا ہے، اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے وژن کے مطابق ایک شمولیتی، کیش لیس معیشت کے فروغ کے لیے کوشاں ہے۔