جے شنکر نے آپریشن سندور میں امریکی کالز کا اعتراف کرلیا

0 minutes, 0 seconds Read

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے آپریشن سندور میں امریکی کالز کا اعتراف کرنے کے ساتھ ساتھ روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئِے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کسی کی بھی ثالثی قبول نہیں ہے۔ اس دوران انہوں نے امریکی صدر ٹرمپ پر تنقید کے نشتر بھی برسائے۔

نئی دلی میں اکنامک ٹائمز ورلڈ لیڈرز فورم کی تقریب میں بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے کہا کہ کوئی ایسا امریکی صدر نہیں دیکھا جس نے خارجہ پالیسی کو عوامی انداز میں چلایا ہو، اس کے ساتھ ہی یہ بھی واضح کرتا چلوں کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کسی ثالثی کو قبول نہیں کرتے۔

جے شنکر نے آپریشن سندور کے موقع پر امریکا سے کال کیے جانےکا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ اس وقت فون کالیں کی گئیں اور امریکا کی جانب سے بھی اس پر رسپانس دیا گیا، اس کے علاوہ دیگر ممالک سے بھی فون کالز کی گئیں، یہ کوئی سیکریٹ نہیں، عام بات ہے، ایسا ہوتا رہتا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا امریکا کی جانب سے کی گئی ہر فون کال میرے ایکس اکاؤنٹ پر ہے، یہ کوئی خفیہ رکھنے والی بات نہیں۔

یاد رہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے واقعے کو جواز بنا کر پاکستان پر میزائل حملے کیے جس کا پاکستان نے بھرپور جواب دیتے ہوئے ناصرف بھارت کے 6 جنگی طیارے گرائے بلکہ ان کے فضائی دفاعی نظام ایس 400 اور متعدد ائیر بیسز کو بھی تباہ کیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک 27 سے زیادہ مرتبہ پاک بھارت جنگ رکوانے کا کریڈٹ لے چکے ہیں لیکن مودی سرکار نے اس حوالے سے چپ سادھ رکھی ہے، جس پر بی جے پی کی ہندو انتہا پسند حکومت کو سخت تنقید کا سامنا ہے۔

جے شنکر نے آپریشن سندور میں امریکی کالز کا اعتراف کرنے کے ساتھ کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات میں کسی کی بھی ثالثی قبول نہیں ہے۔

Similar Posts