راولپنڈی کے علاقے پیرودھائی کے قریب واقع نجی بس اڈے کے قریب بس کنڈیکٹر نے ٹک ٹاک ویڈیو بنانے کے دوران بس شہریوں پر چڑھا دی، جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہو گئے، جن میں سے ایک مسافر کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق بس کا ڈرائیور گاڑی اسٹارٹ کرکے چائے پینے کے لیے نیچے اترا اس دوران بس کنڈیکٹر نے اسٹیئرنگ سنبھال کر ویڈیو بنانا شروع کر دی۔
پولیس کے مطابق اچانک بس کنڈیکٹر سے بے قابو ہو کر دوسرے بس اسٹینڈ میں جا گھسی، جہاں اس نے نہ صرف تین شہریوں کو ٹکر ماری بلکہ تین کھڑی گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
واقعے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی اور فوری طور پر بس کنڈیکٹر کو حراست میں لے کر تھانے منتقل کردیا۔
زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔