ڈیرہ اسماعیل خان میں طوفانی بارش سے تباہی، چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق

0 minutes, 0 seconds Read

ڈیرہ اسماعیل خان اور گرد و نواح میں طوفانی بارش اور آندھی نے تباہی مچادی، چھتیں گرنے سمیت مختلف حادثات میں 8 افراد جاں بحق اور 47 زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق بارشوں سے نقصانات کی رپورٹ جاری کی گئی جس میں جاں بحق ہونے والوں میں سے پانچ کا تعلق تحصیل ڈیرہ اسماعیل خان سے، تین کا تعلق تحصیل پہاڑپور سے ہے۔

طوفانی بارشوں کے باعث 41 زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال جبکہ 6 کو مفتی محمود اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جس کے بعد 26 زخمیوں کو مرہم پٹی کے بعد فارغ کر دیا گیا۔

ڈی آئی خان میں مختلف علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، تاریں ٹوٹ گئیں جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

پشاور، مردان، شمالی و جنوبی وزیرستان سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی بادل جم کر برسے۔ لکی مروت کے مختلف علاقوں میں طوفانی بارش ہوئی۔ پلندری کے علاقوں میں موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے پہاڑی علاقوں میں تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کاخدشہ بڑھ گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا آج سے 30 اگست تک ملک میں بارشوں کا نیا الرٹ

آزاد کشمیر کے علاقے باغ اور گردونواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہو رہی ہے۔ برساتی نالوں میں طغیانی کا خطرہ ہے، ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور اور گردونواح میں تیز آندھی کے بعد بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ آندھی کی وجہ سے کئی مقامات پر درخت گرنے سے سڑکیں بند ہوگئی ہیں۔

اسکردو میں آج سے تیز بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ حکام کی جانب سے عوام اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے ۔ دریائے گلگت کے بہاؤ میں اضافے کے خدشہ کے پیش نظر دریا سے ملحقہ تمام ہوٹلز کو بند کر دیا گیا ہے۔

قصور: دریائے ستلج میں پانی کا بہاؤ تیز، 30 سے زائد دیہات سیلاب سے متاثر

ادھر اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آگئےجس کے ابعث ندی نالوں میں طغیانی ہوئی اور بارش کا پانی گھروں اور دکانوں میں داخل ہوگیا۔

اسلام آباد میں موسلادھار بارش کے بعد راول ڈیم کے اسپل وے کھول دیے گئے۔ شدید بارش کے باعث مارگلہ ہلز پر ٹریل دو، تین، چار اور پانچ آج بند رہیں گے۔

سید پور گاؤں کے عقب میں واقع ٹریل بھی بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات کی شدید بارشوں کی پیشگوئی پر شہریوں کو ٹریل جانے سے گریز کا کہا گیا ہے۔

یاد رہے این ڈی ایم اے نے تیس اگست تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا الرٹ جاری کر رکھا ہے جبکہ کراچی میں بھی بارش کا امکان موجود ہے۔

Similar Posts