چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم کی بیرون ملک روانگی کے بعد جسٹس عابدعزیز شیخ نے قائم مقام چیف جسٹس کےعہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔
اتوار کو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم بین الاقوامی جوڈیشل کانفرنس میں شرکت کے لیے امریکا روانہ ہوگئی ہیں، ان کی غیر موجودگی میں عدالتی امور کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے جسٹس عابد عزیز شیخ کو قائم مقام چیف جسٹس مقرر کر دیا گیا ہے۔
جسٹس عابد عزیز شیخ نے بطور قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا جبکہ جسٹس شمس محمود مرزا نے قائم مقام چیف جسٹس سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی سادہ و پروقار تقریب لاہور ہائیکورٹ کے ججز لاؤنج میں ہوئی، جس میں لاہور ہائیکورٹ کے ججز نے شرکت کی۔
بطور قائم مقام چیف جسٹس حلف اٹھانے پر تمام ججز نے چیف جسٹس عابد عزیز شیخ کو مبارکباد بھی پیش کی۔