ربیع الاوّل کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں جاری ہے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس بھی جاری ہیں۔
ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت کراچی میں جاری ہے جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی دارالحکومتوں میں ہو رہے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں ربیع الاول کے چاند کی عمر 32 گھنٹے ہے اور شام 7 بج کر 03 منٹ سے 7 بج کر 44 منٹ تک دیکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ربیع الاول کے چاند کی رویت سندھ اور بلوچستان کی ساحلی علاقوں میں واضح ہوگی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں چاند نظر آنے کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں، بارش اور ابر آلود موسم کی وجہ چاند نظر آنے کے امکانات کم ہو گئے ہیں۔
دریں اثنا لاہور میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس چراغ شاہ بلڈنگ میں ہو رہا ہے۔ چاند دیکھنے کے لیے رویت ہلال کمیٹی کے اراکین سمیت محکمہ موسمیات کے افسران بھی موجود ہیں۔ تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں بھی موسم ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر آنا ممکن نہیں ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوہسار بلاک میں علامہ مفتی ضمیر احمد ساجد کی زیر صدارت جاری ہے۔
پشاور اور کوئٹہ میں بھی زونل کمیٹیوں کے اجلاس جاری ہیں۔ زونل کمیٹی سمیت چاند نظر آنے کی کوئی بھی اطلاع مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو دی جائے گی۔ ربیع الاول کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔