گجرات: کرکٹ میچ میں اوور نہ دینے پر لڑائی 3 جانیں نگل گئی

0 minutes, 0 seconds Read

پنجاب کے ضلع گجرات میں کرکٹ میچ میں اوور نہ دینے پر فائرنگ سے 2 بھائی جاں بحق اور ماموں زخمی ہو گئے۔

گجرات میں کرکٹ کے میدان میں کھیل کا جوش خون کی ہولی میں بدل گیا۔ اوور نہ دینے پر ہونے والی تلخ کلامی کے بعد کھلاڑی نے اندھا دھند فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں کپتان اور اس کا بھائی جاں بحق ہوگئے جبکہ ان کا ماموں شدید زخمی ہے۔

المیہ یہیں ختم نہ ہوا، واقعہ کی خبر سن کر ملزم غلام غوث کی والدہ بھی دل کا دورہ پڑنے سے جان کی بازی ہار گئیں۔

گجرات کے نواحی علاقے میں کرکٹ میچ کے دوران کھلاڑی غلام غوث نے اوور نہ دینے پر اپنے حریفوں پر فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے ٹیم کے کپتان فاخر موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، جبکہ زخمی ہونے والا اس کا بھائی طاہر بھی ایک ہفتے بعد اسپتال میں دم توڑ گیا۔

فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے ماموں اظہر کی حالت تاحال تشویشناک بتائی جارہی ہے اور وہ اسپتال میں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں۔

پولیس کے مطابق ملزم غلام غوث کو گرفتار کرلیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ واقعہ نے علاقے میں خوف و ہراس پھیلا دیا ہے اور کھیل کے میدان میں پیش آنے والی اس خونی واردات نے سب کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔

Similar Posts