طوفانی بارشوں اور بھارتی آبی جارحیت کے بعد بہاولنگر کے دریائے ستلج سے ملحقہ علاقے شدید خطرات کی لپیٹ میں آگئے ہیں۔ سیلابی ریلوں نے دریائی پٹی میں تباہی مچا دی ہے جبکہ زمینی کٹاؤ کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔
متعدد دیہاتوں میں پانی داخل ہونے سے سیکڑوں ایکڑ پر کھڑی فصلیں دریا برد ہوگئیں۔ زرعی زمینیں تباہ ہونے کے باعث کاشت کار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں نے متاثرہ علاقوں میں ریلیف آپریشن تیز کردیا ہے تاہم مسلسل بڑھتے پانی کے بہاؤ نے صورتِ حال مزید سنگین بنا دی ہے۔
مقامی افراد نے حکام سے فوری اقدامات اور حفاظتی بند مضبوط بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔