نہ چائے، نہ کافی: ملائکہ اروڑا نے اپنی ہائیڈریشن تھراپی کا راز بتادیا

0 minutes, 3 seconds Read

بالی ووڈ کی مشہور ماڈل، اداکارہ اور ڈانسر،ملائکہ اروڑا کا کہنا ہےکہ وہ چائے یا کافی جیسی کیفینی مشروبات کی شوقین نہیں بلکہ پانی، ناریل پانی اور چھاچھ کو ترجیح دیتی ہیں۔

ملائکہ اروڑا نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے منفرد طرزِ زندگی، صحت مند عادات اور مشروبات کے انتخاب پر روشنی ڈالی ہے۔

51 سالہ بالی ووڈ اداکارہ، ماڈل اور فٹنس آئیکون ہمیشہ اپنی چمکتی ہوئی جلد، فٹنس اور جوانی سے بھرپور انداز کی وجہ سے سرخیوں میں رہتی ہیں۔ لیکن حالیہ انٹرویو میں انہوں نے اپنی خوبصورتی اور صحت کا حیران کن راز سب کے سامنے رکھ دیا اور وہ ہے ”ہائیڈریشن تھیراپی“۔

ملائکہ نے اداکارہ سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ ”All About Her“ میں گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ وہ دیگر لوگوں کی طرح نہیں ہیں جو صبح اٹھتے ہی چائے یا کافی پر لپکتے ہیں اس کی بجائے ہر روز صبح خالی پیٹ تقریباً دو لیٹر پانی پیتی ہیں۔

”یہ میرے لیے نان نیگوشی ایبل (غیر متنازع) ہے۔ پانی پینے سے جسم صاف ہوتا ہے اور دن کی بہترین شروعات ہوتی ہے۔ یہی میری جلد کے نکھار کا راز بھی ہے،“ ملائکہ نے کہا۔

اگرچہ ڈاکٹروں کے مطابق بھی صبح خالی پیٹ ایک ساتھ دو لیٹر پانی پینا جسم سے زہریلے مادوں کے اخراج اور بہتر ہاضمے میں مدد دیتا ہے لیکن ان کے نزدیک یہ ہر کسی کے لیے موزوں نہیں، جب کہ ملائکہ ہائیڈریش کی کلینزنگ پاور پر مکمل یقین رکھتی ہیں۔ جو صحت اور خوبصورتی دونوں کے لیے فائدہ مند ہو سکتا ہے۔

دن میں بھی ملائکہ وقفے وقفے سے پانی کے گھونٹ لیتی رہتی ہیں ان کا خیال ہے کہ یہ نہ صرف خوبصورتی بلکہ خواتین کی صحت لے لیے بھی بہت معنی رکھتی ہے۔

ملائکہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خواتین یو ٹی آئی (پیشاب کی نالی کے انفیکشن) اور دیگر پانی کی کمی سے متعلق بیماریوں کا زیادہ شکار ہو سکتی ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ پانی پینا اس قسم کے خطرات کو کم کرتا ہے اور میٹامولزم اور توانائی کی سطح کو بھی بلند رکھتا ہے۔

انہوں نے اعتراف کیا کہ سادہ پانی بورنگ لگ سکتا ہے، اس لیے وہ اسے دلچسپ بنانے کے لیے فلیورڈ واٹر (Infused Water) استعمال کرتی ہیں۔ ان کے پسندیدہ اجزاء میں کھیرا اور پودینہ شامل ہیں، جو نہ صرف ذائقے میں بہتری لاتے ہیں بلکہ ہاضمے اور جسم کو ٹھنڈک بھی فراہم کرتے ہیں۔

ممبئی کے مرطوب موسم میں ناریل پانی میں چٹکی بھر نمک یا ٹھنڈی چھاچھ ملائکہ کے پسندیدہ مشروبات میں شامل ہیں۔ وہ کہتی ہیں کہ یہ دونوں مشروبات جسم میں الیکٹرولائٹس کی کمی کو پورا کرتے ہیں اور ہاضمے کو بہتر بناتے ہیں۔

ملائکہ نہ صرف جدید بلکہ روایتی دیسی علاج کی بھی قائل ہیں۔ وہ روزمرہ معمول میں اجوائن والا پانی اور زیرہ واٹر کو بھی شامل کرتی ہیں، جو پیٹ کی سوجن، تیزابیت اور ہاضمے کے لیے نہایت مؤثر سمجھے جاتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ملائکہ نے اپنی ہائیڈریشن تھراپی کو صرف ذاتی زندگی تک محدود نہیں رکھا بلکہ اپنے ممبئی کے ریسٹورنٹ ”Scarlett House“ میں بھی ہائیڈریشن ڈرنکس کا خصوصی مینو متعارف کرایا ہے، تاکہ دوسرے لوگ بھی اس عادت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

ملائکہ اروڑا کی زندگی کا یہ سادہ مگر مؤثر معمول ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ صحت مند زندگی کے بڑے راز ہمیشہ پیچیدہ نہیں ہوتے۔ صرف پانی پینا، قدرتی مشروبات کا انتخاب، اور اپنے جسم کو سمجھ کر معمولات اپنانا ہی اصل کامیابی ہے۔

Similar Posts