امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دائیں ہاتھ پر دوبارہ سیاہ اور نیلے رنگ کا پیچ دیکھنے کو ملا ہے جس نے ان کی صحت کے بارے میں سوالات کو تازہ کر دیا ہے۔ یہ منظر اُس وقت سامنے آیا جب ٹرمپ وائٹ ہاؤس میں جنوبی کوریا کے صدر لی جے میونگ کے ساتھ ملاقات کر رہے تھے۔
اس موقع پر ٹرمپ نے رپورٹرز سے گفتگو کے دوران اپنا بایاں ہاتھ دائیں ہاتھ پر رکھا ہوا تھا، جیسے وہ نیل کو چھپانے کی کوشش کر رہے ہوں۔
چند روز پہلے بھی ٹرمپ کے ہاتھ پر میک اَپ لگا دیکھا گیا تھا جو رنگ میں باقی جلد سے مختلف تھا، جس کے بعد یہ قیاس آرائیاں بڑھ گئیں کہ صدر کچھ چھپانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
ٹانگوں پر سوجن اور ہاتھوں پر خراشیں، امریکی صدر ٹرمپ کس بیماری میں مبتلا ہوگئے؟
اس حوالے سے وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولائن لیوٹ نے کہا کہ ’صدر ٹرمپ عوام کے آدمی ہیں اور وہ روزانہ سب سے زیادہ لوگوں سے ملاقات کرتے ہیں اور ہاتھ ملاتے ہیں۔ ان کا جذبہ اور عزم ہر روز ثابت ہوتا ہے۔‘
مزید وضاحت کے لیے صدر کے معالج ڈاکٹر شین باربابیلا کی جانب سے ایک خط بھی جاری کیا گیا ہے۔ خط میں بتایا گیا کہ ہاتھ پر نشانات زیادہ ہاتھ ملانے اور ایسپرین کے استعمال کی وجہ سے ہیں، جو دل کی صحت کے لیے احتیاطی طور پر لی جاتی ہے۔
سوجے ٹخنے، جوڑوں پر نیل: ٹرمپ کی اس حالت کی وجہ کیا ہے؟
ڈاکٹر نے یہ بھی تصدیق کی کہ ٹرمپ کو ’کرونک وینس انسفیشنسی‘ ہے، یعنی رگوں کا خون دل تک واپس پہنچنے میں سست ہوتا ہے۔ یہ ایک عام اور بے ضرر بیماری ہے جو زیادہ عمر کے افراد میں دیکھی جاتی ہے۔ معالج کے مطابق ٹرمپ کی ٹانگوں میں ہلکی سوجن بھی نوٹ کی گئی تھی، لیکن مکمل طبی جانچ کے بعد یہ واضح ہوا کہ کسی خطرناک بیماری جیسے ’ڈیپ وین تھرومبوسس‘ (DVT) یا شریانوں کی بیماری کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔
یاد رہے کہ رواں سال فروری میں بھی فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون سے ملاقات کے دوران ٹرمپ کے ہاتھ پر ایسا ہی نیل دیکھا گیا تھا۔