ڈیگاری: بانو بی بی قتل کیس میں گرفتار ملزم مقتولہ کا دیور نکلا

0 minutes, 0 seconds Read

بلوچستان کے علاقے ڈیگاری میں خاتون اور مرد کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، پولیس نے روپوش مقتولہ کے دیور کو بھی گرفتار کرلیا ہے، واقعے میں اب تک قبائلی سردار سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مرکزی ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق 20 جولائی 2025 کو ڈیگاری میں غیرت کے نام پر مرد احسان اللہ اور خاتون بانو بی بی کو قتل کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔ جس کا وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

جس پر ہنہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کیس سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ منتقل کیا تھا، جس کے بعد سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ (ایس سی آئی ڈبلیو) کی ٹیموں نے ڈیگاری میں فوری کارروائی کرتے ہوئے قبائلی رہنما شیربازئی سمیت 14 افراد کو گرفتار کیا تھا تاہم کیس کے مرکزی ملزم سمیت دیگر ملوث ملزمان روپوش ہوگئے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ گرفتاریوں کے بعد 23 جولائی کو مقتولہ کی والدہ کاا ایک ویڈیو پیغام وائرل ہوا تھا۔ جس میں خاتون نے ہاتھ میں قرآن پاک اٹھا رکھا تھا اور اپنا نام گل جان بتاتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ ڈیگاری میں قتل ہونے والی بانو بی بی کی والدہ ہوں، قرآن پر قسم کھاتی ہوں کہ ہم نے اپنی بیٹی اور احسان اللہ کو حق پر قتل کیا۔ جس کے بعد سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ نے والدہ کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ذرائع نے بتایا کہ سیریس کرائم انوسٹی گیشن ونگ کی ٹیم نے ڈیگاری میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے روپوش ملزم پیر جان کو گرفتار کرلیا ہے۔ جو واقعے کی جاری ہونے والی ویڈیو میں موجود تھا۔

گرفتار ملزم پیر جان مقتولہ کا دیور ہے جبکہ اس کا دوسرا بھائی فرار ہے جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

واضخ رہے کہ ڈیگاری واقعے میں اب تک قبائلی سردار سمیت 5 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

Similar Posts