سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں بڑی کارروائی کے دوران فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 7 سے 9 اگست کے درمیان سیکورٹی فورسز نے بلوچستان کے علاقے سمبازا میں کارروائی کی، جہاں فتنہ الخواج کے دہشت گردوں کی بڑی تعداد بارڈر کراس کرنے کی کوشش کررہی تھی۔
اس دوران سیکورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج کے 47 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ مارے جانے والوں میں زیادہ تر افغان دہشت گرد تھے اور ان میں سے زیادہ تر کی لاشیں افغانستان کی طرف گری تھیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق مارے جانے والے دہشت گردوں کی لاشیں 15 روز بعد بھی افغانستان سے کوئی اٹھانے نہیں آیا جبکہ لاشیں افغانستان سائڈ پر گلتی سڑتی رہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 25 اگست کو دہشت گردوں کی لاشوں کو گدھوں پر لاد کر لے جایا گیا، فتنہ الخوارج کے ہلاک 47 دہشت گرد جانوروں کی خوراک بنے رہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنہ الخوارج کی اس بڑی تعداد کو کسی بھی ممکنہ دہشت گردانہ کارروائی سے قبل ہی ہلاک کر دینا پاکستان کی فورسز اور اداروں کی ایک بڑی کامیابی ہے۔