کے پی میں دھاندلی کے سہارے کھڑے ہیں، پنجاب میں عوامی فیصلہ سہنے کی ہمت نہیں، خواجہ آصف کی تنقید

0 minutes, 0 seconds Read

وزیردفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا نام لیے بغیر ضمنی انتخاب سے متعلق بیان میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا میں دھاندلی کے سہارے کھڑے ہیں لیکن پنجاب میں عوامی فیصلہ سہنے کی ہمت نہیں۔ پنجاب میں شکست کا ڈر مگر خیبرپختونخوا میں دھاندلی کا سہارا لیا جائے گا جو ٹوٹل دو نمبری ہے۔

بدھ کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ آصف نے ضمنی الیکشن سے متعلق فیصلوں پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ جہاں کرسی اور حکومت ہو، وہاں الیکشن شوق سے مگر جہاں عوام کا اصل فیصلہ ہو، وہاں بائیکاٹ ہو۔

خواجہ آصف نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں الیکشن لڑنے کو تیار ہیں کیوں کہ وہاں اپنی حکومت ہے اور اپنی مرضی کا نتیجہ نکال سکتے ہیں مگر پنجاب میں الیکشن سے راہ فرار ہے کیوں کہ وہاں عوام کی طاقت سے شکست یقینی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا میں دھاندلی کے سہارے کھڑے ہیں لیکن پنجاب میں عوامی فیصلہ سہنے کی ہمت نہیں، یہ الیکشن نہیں بلکہ اپنی مرضی کا کھیل ہے جہاں جیت کا یقین، وہاں مقابلہ اور جہاں ہار یقینی ہو وہاں بائیکاٹ کیا جائے۔

خواجہ آصف نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عوامی اعتماد سے نہیں بلکہ سرکاری مشینری سے الیکشن جیتنے کے خواہش مند ہیں، پنجاب میں شکست کا ڈر ہے، خیبرپختونخوا میں دھاندلی کا سہارا ہے۔ ان کے بقول یہ ہے اصل سیاستِ انصاف جو ٹوٹل دو نمبری ہے۔

Similar Posts