عالمی شہرت یافتہ کاروباری جریدے ’فوربز‘ نے اپنی سالانہ ’100 ٹو واچ‘ لسٹ 2025 میں پاکستان کی دو تیزی سے ترقی کرتی کمپنیوں کو شامل کیا ہے۔ یہ فہرست اُن کاروباروں کے لیے ہے جو اپنے شعبے میں جدت اور نمایاں کارکردگی کے باعث مستقبل میں بڑا کردار ادا کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
فوربز کے مطابق پاکستان کی کمپنیوں ہیبال (Haball) اور پوسٹ ایکس (PostEx) نے ”فوربز ایشیا 100 ٹو واچ لسٹ 2025“ میں جگہ بنائی ہے۔ یہ فہرست ان کمپنیوں کے لیے ہے جو اپنے شعبوں میں جدت، کارکردگی اور تیزی سے ابھرتے ہوئے کردار کی وجہ سے نمایاں مقام حاصل کر رہی ہیں۔
فوربز ایشیا بنیادی طور پرایشیائی کاروباری دنیا کی کامیابیوں، چیلنجز اور رجحانات کو اجاگر کرتا ہے اور کاروبار و معیشت سے وابستہ افراد کے لیے اہم ذریعہ معلومات ہے۔
’فوربز ایشیا 100 ٹو واچ‘ کاروباری دنیا میں ایک معتبر فہرست ہے جو ایشیا پیسیفک کے ان چھوٹے مگر تیزی سے ابھرتے ہوئے اسٹارٹ اپس اور کمپنیز کو اجاگر کرتی ہے جو نمایاں ترقی کر رہی ہیں۔
اس میں شامل ہونا ان کمپنیوں کے لیے عالمی اور علاقائی سطح پر شناخت و اعزاز کا باعث ہے۔
ہیبال (Haball) 2017 میں قائم ہونے والی کمپنی ہے جو کاروباروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں اور شریعہ کمپلائنٹ فنانسنگ کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ یہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے انوائس مینجمنٹ، ٹیکس کے مسائل اور ورکنگ کیپیٹل جیسی سہولیات بھی دیتی ہے۔
ہیبال اب تک 3 ارب ڈالر سے زائد کے لین دین مکمل کر چکی ہے اور اپریل 2025 میں اسے پانچ کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری بھی ملی تھی، جس میں پاکستان کے سب سے بڑے اسلامی بینک، میزان بینک کی شمولیت نمایاں ہے۔
پوسٹ ایکس (PostEx) 2020 میں قائم ہوئی تھی جس نے مختصر عرصے میں ای کامرس ڈیلیوری کے شعبے میں سب سے بڑا نام بنا لیا ہے۔ یہ نہ صرف سامان کی ترسیل کرتی ہے بلکہ مرچنٹس کو ’کیش آن ڈیلیوری‘ پر فوری ادائیگی بھی یقینی بناتی ہے۔
سال 2022 میں اس کمپنی نے ’کال کورئیر‘ نامی کمپنی کو خرید کر اپنے نیٹ ورک کو مزید وسیع کیا تھا اور آج یہ 500 سے زائد شہروں میں خدمات فراہم کر رہی ہے۔ پوسٹ ایکس اب تک 70 لاکھ 30 ہزار ڈالر فنڈنگ حاصل کر چکی ہے اور جلد مشرقِ وسطیٰ میں اپنی سروسز شروع کرنے کی تیاری میں ہے۔
ہیبال اور پوسٹ ایکس کی فوربز ایشیا کی فہرست میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستانی اسٹارٹ اپس صرف مقامی سطح پر ہی نہیں بلکہ عالمی مارکیٹ میں بھی اپنا مقام بنا رہی ہیں۔