بھارت کو اولمپک 2036 کی میزبانی کتنی مہنگی پڑنے والی ہے؟ حکام کے ابھی سے پسینے چھوٹنے لگے

0 minutes, 1 second Read

بھارت نے ایک بار پھر 2036 کے سمر اولمپکس کی میزبانی کے اپنے عزم کو دہرایا ہے۔ اکتوبر 2023 میں، انڈین اولمپک ایسوسی ایشن (IOA) نے بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) کے فیوچر ہوسٹ کمیشن کو باضابطہ طور پر ایک ”لیٹر آف انٹینٹ“ بھیجا تھا، جس میں اولمپکس اور پیرا اولمپکس کی میزبانی کی دلچسپی کا اظہار کیا گیا تھا۔ اب، تازہ ترین رپورٹس کے مطابق، اس کثیر الکھیل ایونٹ کی میزبانی ہندوستان کو 34,700 کروڑ سے 64,000 کروڑ بھارتی روپے تک پڑ سکتی ہے۔

اسی حوالے سے گاندھی نگر میں اس ہفتے ایک اعلیٰ سطحی کوآرڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں ’ریویو میٹنگ – تیاری برائے احمدآباد 2036‘ کے عنوان سے ایک رپورٹ پیش کی گئی۔ اس رپورٹ میں 2036 اولمپکس کی میزبانی کے ہندوستانی عزم کو دہرایا گیا۔

لاگت پیرس اولمپکس سے بھی زیادہ ہوگی

ٹائمز آف انڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، 2036 اولمپکس کی میزبانی کے لیے متوقع اخراجات گزشتہ سال کے پیرس اولمپکس (32,765 کروڑ بھارتی روپے) سے بھی زیادہ ہوں گے۔

رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ 2036 اولمپکس کا انعقاد گجرات کے جڑواں شہروں اور دیگر چار شہروں بھوپال، گوا، ممبئی اور پونے میں کیا جائے گا۔

IOC کی نئی صدر کا محتاط رویہ

حال ہی میں بین الاقوامی اولمپک کمیٹی (IOC) کی نو منتخب صدر کرسٹی کووینٹری نے ہندوستان کی میزبانی کی بولی پر محتاط ردعمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ چند دنوں میں مستقبل کے میزبانوں کے انتخاب کے طریقہ کار پر اپنی رائے ظاہر کریں گی۔

یہ پوچھے جانے پر کہ کیا 2036 اولمپکس کے لیے ہندوستان کی بولی کو ”ٹارگیٹڈ ڈائیلاگ“ میں بدلا جا سکتا ہے؟ کووینٹری نے کہا، ’یہ ایک جاری عمل ہے اور آئندہ چند ماہ تک اسی طرح برقرار رہے گا۔‘

2036 کی میزبانی کے خواہشمند ممالک

اب تک قطر، سعودی عرب سمیت 10 سے زائد ممالک 2036 اولمپکس کی میزبانی میں دلچسپی ظاہر کر چکے ہیں، تاہم یہ واضح نہیں کہ کتنے ممالک نے باضابطہ درخواست دی ہے۔

ہندوستان کا میزبانی کے انتخابی عمل میں اگلا مرحلہ

ہندوستان نے ’لیٹر آف انٹینٹ‘ جمع کروا کر ’انفارمل ڈائیلاگ‘ سے ’کنٹینیوس ڈائیلاگ‘ کے مرحلے میں قدم رکھ لیا ہے۔ اس مرحلے میں IOC ممکنہ میزبان کے منصوبوں کی ’فیسبلٹی اسٹڈی‘ کرے گا۔

اس کے بعد ’ٹارگیٹڈ ڈائیلاگ‘ کا مرحلہ ہوگا، جس میں باضابطہ بولی جمع کرانا ہوگی۔ اس بولی کا جائزہ فیوچر ہوسٹ کمیشن لے گا، اور پھر آخری مرحلے میں میزبان کا انتخاب کیا جائے گا۔

2036 اولمپکس کی میزبانی کا فیصلہ 2026 سے پہلے متوقع نہیں

2036 اولمپکس کے میزبان کے انتخاب کا حتمی فیصلہ 2026 سے قبل متوقع نہیں، تاہم ہندوستان مسلسل اپنی تیاریوں کو مضبوط کر رہا ہے تاکہ میزبانی کے امکانات کو بڑھایا جا سکے۔

Similar Posts