ایک چینی خاتون کی شاہانہ طرزِ زندگی اور 3.3 ملین ڈالر کی حیران کن دھوکہ دہی کا پردہ فاش ہو گیا ہے، جس کے بعد اس کا شوہر قرض کے بوجھ اور دھوکے کے صدمے سے دوچار ہے۔ چینی خبر رساں ادارے ”ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ“ کے مطابق، خاتون نے اپنے شوہر کو دھوکہ دینے کیلئے خفیہ طور پر ایک پیچیدہ جعلسازی کا منصوبہ تیار کیا، جس میں اس نے 80 اپارٹمنٹس کے تالے تبدیل کروائے اور جعلی کاغذات کے ذریعے انہیں فروخت کر کے بھاری رقم بٹوری۔
شاہانہ اخراجات اور خفیہ دھوکہ دہی
رپورٹ کے مطابق، گانسو صوبے سے تعلق رکھنے والی وانگ وی نامی خاتون، جو 30 برس کے لگ بھگ عمر کی ہے، اس نے 2017 میں چینگ نامی شخص سے شادی کی۔ شادی کے بعد، وانگ کی فضول خرچی کی وجہ سے جوڑے پر بھاری کریڈٹ کارڈ قرض چڑھ گیا۔
چینگ کے والد نے اپنے بیٹے کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے 450,000 یوان (62,000 امریکی ڈالر) کا قرض لیا، جس کے عوض انہوں نے اپنا گھر بطور ضمانت رکھوایا۔ چینگ کئی سال تک انتہائی کفایت شعاری سے زندگی گزارتا رہا تاکہ اپنے والد کا قرض لوٹا سکے، لیکن اسے خبر نہ تھی کہ اس کی بیوی 2019 سے ہی ایک وسیع پیمانے پر دھوکہ دہی کر رہی تھی۔
80 اپارٹمنٹس کے تالے تبدیل کروا کر فروخت کر دیے
وانگ نے ایک مقامی کمپنی کے بارے میں سنا جو نئے تعمیر شدہ فلیٹس کے الاٹمنٹ کی تیاری کر رہی تھی۔ اس نے فوٹوشاپ کے ذریعے جعلی پراپرٹی سرٹیفکیٹ اور نقشے تیار کیے اور انہیں استعمال کر کے 80 اپارٹمنٹس کے تالے تبدیل کروا دیے۔
ایک تالہ ساز نے گمنامی کی شرط پر بتایا کہ جب بھی وانگ اسے بلاتی، وہ اسے عمارت کی سیڑھیوں سے اس جگہ لے جاتی جہاں نگرانی کے کیمرے نصب نہ ہوں۔ ’اس نے دستاویزات دکھائیں، جنہیں میں نے اصلی سمجھا اور بغیر کسی شبہ کے تالے تبدیل کر دیے‘۔
دوستوں اور رشتہ داروں کو نشانہ بنایا
وانگ نے شبہ سے بچنے کے لیے مختلف تالہ سازوں کی مدد لی اور کئی سالوں میں یہ جعلسازی کامیابی سے جاری رکھی۔ اس نے اپنے شوہر کی بہن، اپنی خالہ، اور قریبی دوستوں سمیت 24 ملین یوان (تقریباً 3.3 ملین ڈالر) کی دھوکہ دہی کی۔
حاصل شدہ رقم وانگ نے ایک مشہور لائیو اسٹریمر پر نچھاور کر دی، جسے اس نے مہنگے تحائف، جائیدادوں اور دیگر قیمتی اشیاء سے نوازا۔
دھوکہ دہی بے نقاب، قانونی کارروائی کا سامنا
یہ اسکینڈل بالآخر سامنے آ گیا، جس سے متاثرین کو شدید مالی نقصان اور دھوکے کا سامنا کرنا پڑا۔ وانگ اب ممکنہ قانونی کارروائی کا سامنا کر رہی ہے، جبکہ اس کا شوہر دھوکہ دہی کے نتائج اور قرضوں کے بوجھ تلے دب گیا ہے۔
یہ کیس چینی عوام میں غم و غصے اور حیرانی کا سبب بنا ہے، جو لالچ اور دھوکہ دہی کے سنگین نتائج کی نشاندہی کرتا ہے۔