پی ٹی آئی کے مزید 28 اراکین قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی، حکومت کی مشکلات میں اضافہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مزید 28 اراکین اسمبلی قائمہ کمیٹیوں سے مستعفی ہوگئے جس کے بعد قائمہ کمیٹیوں کی رکنیت سے مستعفی اراکین کی تعداد 47 ہوگئی ہے۔

پی ٹی آئی اراکین نے اپنے استعفے اسپیکر آفس میں جمع کروا دیے ہیں۔ اسی طرح پی ٹی آئی کے 6 اراکین قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ سے بھی مستعفی ہوگئے ہیں۔

کمیٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے والوں میں جنید اکبر، عامر ڈوگر، ثنااللہ مستی خیل، ڈاکٹر ضیا الدین، جاوید اقبال اور حاجی امتیاز احمد شامل ہیں۔

اپوزیشن نے کمیٹیوں سے استعفے دے کر حکومت کی مشکلات بڑھادیں

دوسری جانب اپوزیشن کی جانب سے پارلیمانی کمیٹیوں سے استعفوں کے بعد حکومت کو مشکلات کا سامنا ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور چیف وہپ عامر ڈوگر سے رابطہ کرکے حکومت کی جانب سے مفاہمت کا پیغام پہنچایا ہے۔

حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو کمیٹیوں سے استعفے واپس لینے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ قانون سازی اور پارلیمانی امور متاثر نہ ہوں۔ حکومت کا مؤقف ہے کہ موجودہ ملکی حالات مل کر چلنے کا تقاضہ کرتے ہیں اور قومی امور پر سیاسی جماعتیں مشترکہ طور پر آگے بڑھ سکتی ہیں۔

طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے ساتھ بیٹھ کر بات چیت کی جا سکتی ہے تاکہ پارلیمانی کمیٹیوں کا رکا ہوا کام بحال ہو۔ ذرائع کے مطابق استعفوں کے باعث کمیٹیوں کی کارکردگی بری طرح متاثر ہوئی ہے جس پر حکومت اپوزیشن کو دوبارہ اعتماد میں لینے کی کوشش کر رہی ہے۔

Similar Posts