تین ملکی ٹی 20 سیریز: افغانستان کا پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ

تین ملکی ٹی 20 سیریز کے چوتھے میچ میں افغانستان نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

شارجہ کے تاریخی میدان میں کھیلے جارہے تین ملکی ٹی 20 سریز کے چوتھے میچ میں پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں مدمقابل ہیں جہاں میچ کا ٹاس افغانستان کے کپتان راشد خان نے جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔

ٹاس کے بعد افغان کپتان راشد خان کا کہنا تھا کہ پہلے بیٹنگ کا فیصلہ درست رہتا ہے کیوں کہ اب ہدف کا تعاقب کرنا مزید مشکل ہوتا جا رہا ہے۔ اوس کی موجودگی بولرز کے لیے مشکلات پیدا کرتی ہے لیکن اصل بات اچھا کرکٹ کھیلنے کی ہے۔

راشد خان کے مطابق 170 سے زائد کا مجموعہ ایک اچھا اسکور ہوگا۔

پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ وہ بھی ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ ہی کرتے، افغانستان کے اسپنرز ’مِسٹری بولرز‘ ہیں اور ان کا مقابلہ کرنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔

دونوں ٹیموں میں تبدیلیاں

افغانستان نے ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی ہیں، مجیب احمد اور اشرف کو ڈراپ کیا گیا ہے جبکہ اللہ غضنفر کو ٹی 20 میں ڈیبیو کا موقع ملا ہے اور نور بھی آج کھیل رہے ہیں۔

دوسری طرف شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کی آج کے میچ میں واپسی ہوئی ہے، یو اے ای کے خلاف دونوں کو آرام دیا گیا تھا اور ان کی جگہ حسن علی اور سلمان مرزا کو شامل کیا گیا تھا۔

پاکستان کا اسکواڈ

قومی کرکٹ ٹیم کی قیادت سلمان علی آغا کر رہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں صاحبزادہ فرحان، صائم ایوب، فخر زمان اور حسن نواز شامل ہیں۔ اس کے علاوہ محمد نواز، محمد حارث، فہیم اشرف، شاہین شاہ آفریدی، حارث رؤف اور صفیان مقیم کو فائنل الیون میں جگہ دی گئی ہے۔

افغانستان کا اسکواڈ

افغانستان ٹیم کی قیادت راشد خان کررہے ہیں جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں رحمان اللہ گرباز، ابراہیم زدران، صدیق اللہ اتل، درویش رسولی، کریم جنت، عظمت اللہ عمرزئی، محمد نبی، اللہ غضنفر، نور احمد اور فضل الحق فاروقی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ تین ملکی سیریز میں پاکستان اپنے دونوں میچز جیت چکا ہے۔ افغانستان کو پاکستان کے خلاف پہلے میچ میں 39 رنز سے شکست سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ یو اے ای کے خلاف قومی ٹیم نے 31 رنز سے فتح سمیٹی تھی۔

Similar Posts