سری لنکا: ایک حادثے میں مسافر بس تقریباً ایک ہزار فٹ گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 15 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں پانچ بچے بھی شامل ہیں۔
اسکائی نیوز کے مطابق پولیس زرائع نے بتایا کہ حادثہ جمعرات کی رات مشرقی علاقے ’ویلاوایا‘ میں پیش آیا، جو دارالحکومت کولمبو سے تقریباً 280 کلومیٹر دور ہے۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ حادثہ تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔
ڈرائیور کے کنٹرول کھونے کے بعد بس پہلے ایک اور گاڑی اور سڑک کے حفاظتی جنگلے سے ٹکرائی، پھر گہری کھائی میں جا گری۔
مقامی ٹی وی چینلز پر تباہ حال بس کو کھائی کے نیچے دیکھا جاسکتا ہے، جہاں فوجی جوانوں، پولیس اور مقامی رضاکاروں نے رات بھر امدادی کارروائیاں جاری رکھیں۔
واضح رہے کہ سری لنکا میں پہاڑی علاقوں کی خستہ حال اور تنگ سڑکوں کے باعث اس نوعیت کے مہلک حادثات اکثر پیش آتے ہیں، جن میں تیز رفتاری اور لاپرواہی بھی بڑا سبب سمجھی جاتی ہے۔