یومِ دفاع: 1965 کا جذبہ آج بھی زندہ، صدر، وزیراعظم و عسکری قیادت کا خراجِ عقیدت

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر ہماری تاریخ کا حوصلہ افزا باب ہے۔ 1965 کی قربانیوں کا جذبہ آج بھی لازوال روشنی بن چکا ہے۔ فیلڈ مارشل عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، نیول چیف اور ائیر چیف نے بھی یومِ دفاع پر شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ مسلح افواج اور عوام بیرونی جارحیت کے خلاف متحد ہیں اور ملکی خودمختاری و سالمیت کے تحفظ کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل خطے میں امن کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی سرزمین کے دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہے۔

مسلح افواج کے سربراہان نے بھی اپنے خصوصی پیغامات میں شہداء اور ان کے اہلخانہ کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا، سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف اور سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے پیغامات میں قومی یکجہتی اور شہداء کی قربانیوں کو سلام پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 6 ستمبر 1965 پاکستانی قوم کے غیر متزلزل عزم اور جذبے کا مظہر ہے، جب مسلح افواج نے تعداد میں برتر دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔

بیان میں کہا گیا کہ مسلح افواج ملکی دفاع کے لیے ہمہ وقت چوکس اور تیار ہیں اور امن کو متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہمارے ہیروز کی ہمت اور بہادری آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور پوری قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلامِ عقیدت پیش کرتی ہے۔

Similar Posts