وزیراعظم شہبازشریف اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے یومِ بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ ملک کی محافظ اور ہمارے تابناک مستقبل کی معمار ہے، ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا، 1965 کی جنگ میں پاک بحریہ نے نئی تاریخ رقم کی، آپریشن سومناتھ دشمن کے لیے خوف کی علامت بنا، پاک بحریہ عالمی امن مشنز میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، پاک بحریہ کی تاریخ بہادری کی داستانوں سے بھر پور ہے۔ معرکہ حق میں پاک بحریہ نے تیاری،عزم کاعملی ثبوت دیا قوم کو اپنے شہدا اور غازیوں پر فخر ہے۔
پاک بحریہ نے نیوی ڈے کی مناسبت سے خصوصی وڈیو جاری کردی ہے، خصوصی وڈیو پاک بحریہ کی معرکہ حق میں بحری محاذ پر موجودگی کی مظہر ہے۔
پاک بحریہ نے ہر جہت سے دشمن پر زیرک نگرانی جاری رکھی، دشمن پاک بحریہ کی مستحکم حکمتِ عملی کے باعث زیر رہا جب کہ وڈیو آہنی عزم اور حوصلوں کی عکاس ہے۔
پاکستان نیوی نے 1965 اور 1971 کی جرات مندانہ میراث کو برقرار رکھا، خصوصی وڈیو پاک بحریہ کے حوصلے، عزم اور پاسبانی کی کہانی سناتی ہے۔
صدر مملکت
صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے یومِ فضائیہ کے موقع پر قوم کی جانب سے پاک فضائیہ کے شہداء، غازیوں اور تمام جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کو سلام پیش کرتی ہے، جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور بے مثال جرات و بہادری کا مظاہرہ کیا۔
آصف زرداری نے 1965 کی جنگ کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ نے اس تاریخی معرکے میں شجاعت اور بہادری کی ایسی داستان رقم کی جو رہتی دنیا تک یاد رکھی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے نہ صرف جنگ کے دوران بلکہ ہر مشکل وقت میں پیشہ ورانہ مہارت، بلند حوصلے اور جرات کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے معرکۂ حق، ’’بنیان المرصوص‘‘ میں فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہوئے دشمن کو ہر محاذ پر منہ توڑ جواب دیا، جس پر پوری قوم کو فخر ہے۔
صدر مملکت کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کی شاندار پیشہ ورانہ صلاحیتوں نے دنیا کو حیران کیا ہے اور اس کی جدید صلاحیتیں ملکی دفاع کی مضبوط ضمانت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاک فضائیہ نے ہمیشہ ملک کی فضائی حدود اور قومی سالمیت کا بھرپور دفاع کیا ہے، جس پر پوری قوم کو ناز ہے۔
وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے یوم بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے جوانوں، افسران اور اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ خدمات نے ہمیشہ قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے، یہ دن ملک کی آبی سرحدوں اور آبی مفادات کے تحفظ کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔
وزیراعظم نے پاک بحریہ کی تاریخ کو بہادری کی داستانوں سے بھرپور قرار دیتے ہوئے 1965 کی جنگ میں آپریشن سومنات کو یادگار قرار دیا جس میں پاک بحریہ نے بھارتی ساحلی شہر دوارکا پر حملہ کر کے مواصلاتی نظام تباہ کیا، اس تاریخی معرکے کی فتح آج بھی جوانوں کے جذبہ دفاع وطن کو تازہ کرتی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی آبی سرحدوں کی حفاظت پاک بحریہ کی مستعد نگرانی میں ہے اور بحیرہ عرب میں طاقت کا توازن قائم رکھنے میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں پاک بحریہ نے اپنی تیاری اور عزم کا عملی ثبوت دیا، پاک بحریہ بلیو اکانومی، بندرگاہوں کی تعمیر و ترقی میں بھرپورکردارادا کررہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ ملک کی محافظ اور ہمارے تابناک مستقبل کی معمار ہے۔ آج یوم بحریہ پر ہم پاک بحریہ کے ماضی اور موجودہ ہیروز کو سلام پیش کرتے ہیں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دعا کی کہ اللہ پاک بحریہ، مسلح افواج اور پاکستان کو ترقی، خوشحالی اور کامیابی سے ہمکنار کرے۔
وفاقی وزیرداخلہ
وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی یوم بحریہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ پاک بحریہ کے بہادرسپوتوں کے عظیم قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے، 8 ستمبر کو سمندری سرحدوں کا دفاع کرکے پاک بحریہ نےتاریخ رقم کی، بحری محاذ پر جرأت و قربانی کا نیا باب رقم کرنے والے جانباز قوم کے ہیرو ہیں۔
محسن نقوی نے کہا کہ یہ دن بہادری، پیشہ ورانہ مہارت اورفرض شناسی کی تابندہ علامت ہے، جنگ ستمبر میں آپریشن “دوارکا” بحری تاریخ کا درخشندہ باب ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاک بحریہ نے اپنی پیشہ ورانہ تیاریوں اورجذبہ سرفروشی سے دشمن کوحیران کردیا، پاک بحریہ 8 ستمبر 1965 کے جذبے کو زندہ جاوید رکھنے کے لیے پر عزم ہے۔