کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
شہر قائد کے علاقے صدر، گرومندر، لسبیلہ، گولیمار، ناظم آباد میں بادل برس پڑے ہیں۔
شارع فیصل، ڈیفنس، قیوم آباد اور کورنگی میں بھی ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے آج اور کل شدید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ آج سسٹم کراچی کے قریب سے گرزتے ہوئے 100ملی میٹر سے زائد بارش برسا سکتا ہے۔
حیدر آباد میں تیز بارش سے کئی علاقے زیر آب
وہیں حیدر آباد میں رات گئے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے باعث بیشتر علاقے زیر آب آگئے۔
بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔
حیدرآباد میں آج سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے بند رہیں گے جس کا ڈپٹی کمشنر حیدر آباد نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
ٹھٹھہ میں بارش سے جل تھل
ٹھٹھہ میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کردیا ہے، جس کے باعث نکاسی آب کا نظام درہم برہم اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے ہیں۔
سیلاب متاثرین کھلے آسمان تلے شدید مشکلات کا شکار ہیں، تیز بارشوں سے متاثرین کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
اسلام آباد اور راولپنڈی میں بارش کا امکان
وہیں اسلام آباد اور راولپنڈی میں آج مطلع جزوی ابرآلود رہنے کےعلا وہ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے، کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔