اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے فلسطینیوں کو فوری طور پر غزہ خالی کرنے کی دھمکی دی ہے۔
اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے غزہ شہر کے باشندوں کو سخت الفاظ میں خبردار کیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے سے نکل جائیں کیونکہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی علاقے پر اپنی زمینی اور فضائی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
نیتن یاہو نے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو بیان میں کہا کہ ہم نے دو دن میں 50 دہشت گرد ٹاورز کو تباہ کیا ہے، اور یہ صرف ابتدائی مرحلہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ غزہ شہر میں زمینی کارروائی مزید سخت کی جائے گی۔ میں مقامی لوگوں کو صاف صاف کہتا ہوں کہ آپ کو وارننگ دی جا چکی ہے ابھی غزہ کو خالی کردیں۔
اسرائیلی فوج نے بھی فلسطینی علاقے پر اپنی زمینی اور فضائی کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹزنے بھی غزہ کے لوگوں کو دھمکاتے ہوئے کہا ہے کہ آج غزہ شہر کے آسمانوں پر زبردست طوفان آئے گا، اور دہشت گردی کے اڈے کہلانے والے ٹاورز ہل کر رہ جائیں گے۔
اسرائیلی وزیر دفاع یسرائیل کاٹز نے پیر کے روز ایک بار پھر غزہ کو نشانہ بنانے کی دھمکیاں دیں جو اس وقت شدید اسرائیلی بمباری کی زد میں ہے۔
ایکس پر اپنے بیان میں کاٹز نے کہا کہ آج غزہ کے آسمان پر ایک بڑا طوفان چھا جائے گا اور دہشت گردی کے اڈے کہلانے والے ٹاورز ہل کر رہ جائیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ حماس کے اہلکاروں کے لیے آخری وارننگ ہے، چاہے وہ غزہ میں ہوں یا بیرون ملک پرتعیش ہوٹلوں میں ہوں۔ قیدیوں کو رہا کرو اور ہتھیار ڈال دو، ورنہ غزہ اور تم سب تباہ ہو جاؤ گے۔
کاٹز نے دعویٰ کیا کہ اسرائیلی فوج اپنی منصوبہ بندی کے تحت کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے اور غزہ پر مزید کنٹرول حاصل کرنے کے لیے آپریشن کے دائرے کو وسعت دینے کی تیاری کر رہی ہے۔
یہ دھمکیاں اس وقت سامنے آئیں جب اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو نے وزراء کو ہدایت دی کہ وہ غزہ میں جاری فوجی کارروائیوں پر کوئی بیان نہ دیں۔