پاکستان نے ایشیا کپ کے بقیہ میچز کھیلنے کے لیے شرط رکھ دی اور واضح کیا اگر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو نہیں ہٹایا گیا تو قومی ٹیم ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطالبے پر میچ ریفری کو تبدیل نہ کیے جانے کی صورت میں پاکستان نے ایشیا کپ کے مزید کسی میچ میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے آئی سی سی کو واضح کر دیا ہے کہ میچ ریفری تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ایشیا کپ میں مزید کوئی میچ نہیں کھیلے گا۔
اس حوالے سے چئیرمین پی سی بی محسن نقوی نے ایشیا کپ کے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے خلاف آئی سی سی کو لکھے گئے خط کی تصدیق کردی۔
محسن نقوی نے کہا کہ میچ ریفری کے خلاف آئی سی سی میں شکایت درج کرائی ہے، اسپرٹ آف کرکٹ سے متعلق ایم سی سی قوانین کی خلاف ورزی کی گئی ہے، میچ ریفری کو ایشیا کپ سے فوری ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
چیئرمین پی سی بی نے مزید کہا کہ اسپورٹس مین شپ کی کمی کا مشاہدہ کرنا مایوس کن ہے، کھیل میں سیاست کوگھسیٹنا کھیل کے جذبے کے خلاف ہے، امید ہے مستقبل کی فتوحات کا جشن تمام ٹیمیں شان و شوکت سے منائیں گی۔
پاک بھارت میچ میں نو ہینڈ شیک تنازع: پی سی بی کا میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ
قبل ازیں ایشیا کپ ٹی 20 کے پاک بھارت ٹاکرے میں میچ ریفری کے نامناسب رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ دیا ہے۔
گزشتہ روز دبئی میں کھیلے گئے ایشیا کپ 2025 کے پاک بھارت ٹاکرے کے دوران میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے غیر مناسب رویے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا ہے۔
پی سی بی نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو خط لکھ کر پائی کرافٹ اور ایونٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل کو ایونٹ سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کا مؤقف ہے کہ میچ ریفری کا کنڈکٹ کھیل کی اسپرٹ کے خلاف اور پاکستان ٹیم کے ساتھ امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔
پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے بھارتی ٹیم کے حق میں جانبدارانہ کردار ادا کیا اور یہاں تک کہ پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا کو مخالف ٹیم سے ہاتھ ملانے سے بھی روکا۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے بھی بھارتی کھلاڑیوں پر جرمانہ عائد کرنے پر غور شروع کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے اپنے خط میں میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے طرزِ عمل کو کھیل کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے ان پر بھارتی ٹیم کے لیے بطور آلہ کار کردار ادا کرنے کا الزام لگایا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ میچ ریفری نے ٹاس سے قبل کپتان سلمان علی آغا کو ہیک شیک نہ کرنے کا بتایا اور پاکستان مینجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے، بھارت ٹیم اور میچ ریفری نے جنٹلمین گیم کو داغدار کیا۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی کی جانب سے خط پاک بھارت میچ کے موقع پر پیش آئے واقعے کے تناظر میں لکھا گیا ہے۔
تنازع کیا تھا؟
پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع شیک ہینڈ نہیں ہوگا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔
میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔
بعد ازاں، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔
علاوہ ازیں، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔
پوسٹ میچ پریذنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئےکہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف جیت بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف میچ میں پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔