ایشیا کپ: آئی سی سی نے میچ ریفری کو ہٹانے کی پی سی بی کی درخواست مسترد کردی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ایشیا کپ سے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی درخواست مسترد کردی ہے۔

آئی سی سی نے پاکستان کرکٹ بورڈ کی میچ ریفری کو ہٹانے کی درخواست کو مسترد کیے جانے سے متعلق بورڈ کو باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ چئیرمین پی سی بی محسن نقوی مطالبہ مسترد ہونے کی صورت میں حکومت سے مشاورت کے بعد ایونٹ سے دستبردار ہونے یا نہ ہونے کا فیصلہ کریں گے۔

مزید یہ بتایا گیا ہے کہ ایشیا کپ سے میچ ریفری پائی کرافٹ کو نہیں ہٹایا جائے گا۔

اس سے قبل بھارتی میڈیا کی طرف سے یہ خبر سامنے آئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کا میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو ہٹانے کا مطالبہ مسترد کر دیا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ آئی سی سی نے خط کے جواب میں پی سی بی کو پائی کرافٹ کو ایشیا کپ سے ہٹانے کا مطالبہ رد کردیا اور اس حوالے سے آئی سی سی نے پی سی بی کو باقاعدہ طور پر آگاہ بھی کردیا ہے۔

بھارتی میڈیا نے دعویٰ کرتے ہوئے مزید کہا تھا کہ پائی کرافٹ صرف پاکستان کے میچز سپروائز نہیں کریں گے۔ تاہم ان کی جگہ سابق ویسٹ انڈین کرکٹر رچی رچرڈسن کو میچ ریفری لگائے جانے کا امکان ہے۔

معاملہ کیا تھا؟

پاک بھارت میچ کے دوران ٹاس کے وقت اینڈی پائی کرافٹ نے پاکستان کے کپتان سلمان آغا سے کہا تھا کہ ٹاس کے موقع پر ہینڈ شیک نہیں ہوگا، اینڈی پائی کرافٹ نےاس سے قبل پاکستان میڈیا منیجر سے کہا کہ یہ سب ریکارڈ نہیں ہونا چاہیے۔


AAJ News Whatsapp

میچ کے اختتام پر منیجر نوید اکرم چیمہ نے ٹورنامنٹ ڈائریکٹر اینڈریو رسل سے تحفظات کا اظہار کیا تھا جس پر اینڈریو رسل نے کہا تھا کہ ہمیں بھارتی بورڈ سے ہدایات ملی ہیں اور پھر کہا یہ اصل میں بھارتی حکومت کی ہدایات ہیں۔

بعد ازاں، پاکستانی کپتان سلمان علی آغا نے بھی بھارتی رویے کے خلاف اختتامی تقریب میں احتجاجاً شرکت نہیں کی۔

علاوہ ازیں، بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کھیل میں سیاست کو لے آئے، پاکستان کے خلاف جیت کو پہلگام واقعے کے نام کر دیا تھا۔

پوسٹ میچ پریذنٹیشن میں سوریا کمار یادیو نے کرکٹ قوانین کی دھجیاں بکھیرتے ہوئےکہا کہ ’آج کی جیت کو پہلگام واقعے کے نام کرتا ہوں، پاکستان کے خلاف جیت بھارتی آرمی کے لیے ہماری طرف سے تحفہ ہے‘۔

واضح رہے کہ اتوار کو کھیلے گئے ایشیا کپ میچ میں بھارت کے خلاف پاکستان کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

Similar Posts