اسرائیلی طیاروں نے یمن کی بندرگاہ حدیدہ پربارود کی بارش کردی

اسرائیلی فضائیہ نے یمن کے بحیرہ احمر پر واقع اہم بندرگاہ حدیدہ کو شدید فضائی حملوں کا نشانہ بنایا ہے۔ حوثی تحریک سے منسلک ٹی وی چینل ”المسیرہ“ کے مطابق، اسرائیل کی جانب سے بارہ فضائی حملے بندرگاہ پر کیے گئے۔

خلیج ٹائمز کے مطابق یہ حملے اُس وقت کیے گئے جب اسرائیلی فوج نے بندرگاہ کے اطراف رہائش پذیر افراد کو انخلا کی ہدایت جاری کی تھی۔

اسرائیلی کارروائی چند روز بعد سامنے آئی ہے جب اسرائیلی فورسز نے یمنی دارالحکومت صنعا اور شمالی صوبے الجوف پر بھی فضائی حملے کیے تھے۔


AAJ News Whatsapp

حوثی عسکری ترجمان یحییٰ سریع کے مطابق، یمنی فضائی دفاع اس وقت ”اسرائیلی دشمن طیاروں کی جارحیت کا سامنا کر رہا ہے“۔

واضح رہے کہ حوثی تحریک، جو یمن کے سب سے زیادہ آباد علاقوں پر کنٹرول رکھتی ہے، نے حالیہ ہفتوں میں بحیرہ احمر میں کئی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے۔

ان حملوں کو حوثی گروپ نے غزہ کے فلسطینیوں سے یکجہتی کے طور پر پیش کیا ہے۔ حوثیوں نے اسرائیل کی جانب میزائل بھی داغے ہیں، جن میں سے زیادہ تر کو راستے میں ہی تباہ کر دیا گیا۔

اسرائیل ان حملوں کے ردِعمل میں یمن کے حوثی کنٹرول والے علاقوں پر جوابی کارروائیاں کر رہا ہے، جن میں حدیدہ بندرگاہ بھی شامل ہے۔

Similar Posts