پاکستانی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی کیا صورت حال ہے؟ رپورٹ جاری

ملک کے دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کی تازہ ترین صورت حال سے متعلق رپورٹ جاری کردی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق دریائے ستلج میں ہیڈ گنڈا سنگھ کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 89 ہزار 60 کیوسک ہے۔

دریائے چناب میں ہیڈ پنجند کے مقام پر پانی کی سطح میں کمی کے باعث درمیانے درجے کا سیلاب ہے، جہاں پانی کا بہاؤ 2 لاکھ 19 ہزار 434 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح دریائے سندھ میں گڈو کے مقام پر اونچے درجے کا ریلا پہنچ گیا، جہاں پانی کا بہاؤ 6 لاکھ 5 ہزار 456 کیوسک ہوگیا۔


AAJ News Whatsapp

رپورٹ کے مطابق سکھر پر اونچے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 5 لاکھ 71 ہزار 800 کیوسک ریکارڈ کیا گیا جب کہ کوٹری کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 853 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔

پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہو رہا ہے، پی ڈی ایم اے

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب کے دریاؤں میں پانی کا بہاؤ نارمل ہو رہا ہے، دریائے سندھ، جہلم اور راوی میں پانی کا بہاؤ نارمل لیول پر ہے جب کہ دریائے چناب میں مرالہ، خانکی، قادر آباد اور تریموں کے مقام پرپانی نارمل سطح پر ہے۔

اسی طرح پنجند کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے اور پانی کا بہاؤ کم ہو کر ایک لاکھ 94 ہزار کیوسک ہو چکا ہے، دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر درمیانے درجے جب کہ سلیمانکی اور اسلام ہیڈ ورکس پر نچلے درجے کی سیلابی صورت حال ہے۔

راول ڈیم بھر گیا، پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم

ادھر راول ڈیم پانی سے بھر گیا، جس کے باعث پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ختم ہوگئی، راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 752 فٹ ہونے پر اسپل ویز کھول دیے گئے۔

انتظامیہ کی جانب سے قریبی رہائشیوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی گئی ہے جب کہ اسلام آباد انتظامیہ پانی کی اخراج کی مانیٹرنگ کرے گی۔

واضح رہے کہ راول ڈیم میں پانی جمع کرنے کی آخری حد ایک ہزار 752 ہے۔

Similar Posts