پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطالبے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ رچی رچرڈسن کو میچ کے لیے تعینات کردیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ اور آئی سی سی میں معاملات طے پائے گئے ہیں تاہم پاکستان کے سخت مؤقف کے بعد آئی سی سی نے میچ ریفری کو تبدیل کردیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کی جگہ ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن ایشیا کپ میں پاکستان کے میچز سپروائز کریں گے۔
ذرائع نے اس بات کی تصدیق بھی کی ہے کہ پاکستانی ٹیم آج یواے ای کے خلاف میچ کھیلے گی، بورڈ کی جانب سے ٹیم مینجمنٹ کو تیار رہنے کی ہدایت کردی گئی۔
قبل ازیں بھارتی خبر رساں ادارے ہندوستان ٹائم نے دعویٰ کیا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کے مطالبے پر میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کو پاکستان کے بقیہ ایشیا کپ میچز سے ہٹا دیا اور میچ ریفری اینڈی پائیکرافٹ کا پاکستان کے بقیہ میچز میں تقرر نہیں کیا جائے گا۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) قواعد کے مطابق میچ ریفری براہ راست کپتان یا پلیئرز کو ہدایات نہیں دے سکتا، میچ ریفری صرف ٹیم منیجر کو پیغام دینے کا پابند ہے۔
پاکستان اور یواے ای کے درمیان میچ ہونے کا اشارہ
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے آج پاکستان اور یواے ای کے درمیان میچ ہونے کا اشارہ دے دیا ہے۔
اے سی سی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر پاکستان اور یواے ای کے میچ کی پوسٹ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان اور یواے ای کے درمیان آج ڈو اور ڈائی میچ ہے، آج کے میچ کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے میں جگہ بنائے گی، جو ٹیم میچ ہارے گی وہ ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔