امریکی صد ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی معاہدہ جلد ہوسکتا ہے، جس کی تفصیل کل بتاؤں گا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ ایران جوہری پروگرام پر بھی معاہدے کے قریب ہیں۔
ادھر اسرائیل نے حماس کو دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ مغویوں کی رہائی سے متعلق معاہدہ قبول کرو ورنہ صفحہ ہستی سے مٹادیے جاؤ گے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی وزیردفاع نے کہا کہ حماس کو امریکی ایلچی کی جانب سے پیش کیے گئے جنگ بندی منصوبے کو تسلیم کرنا ہوگا، ورنہ تباہی مقدر ہوگی۔ حماس کو اب فیصلہ کرنا ہوگا،
یوکرینی ایف 16 مار گرانے والے روسی فوجیوں پر لاکھوں ڈالر نچھاور
دوسری جانب حماس کا کہنا ہے کہ امریکا کی جانب سے تجویز کردہ منصوبہ، جنگ کے خاتمے سمیت بنیادی مطالبات کو پورا نہیں کرتا اس لیے اسے مسترد کردیں گے۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری ہیں جس میں مزید 30 شہادتیں، 200 سے زائد زخمی ہوگئے۔
شہدا کی تعداد 54 ہزار 321 ہوگئی ہے۔ یونیسیف کے مطابق غزہ میں اسرائیلی جارحیت سے ہر 20 منٹ بعد ایک بچہ دم توڑجاتا ہے، صرف دو ہفتوں میں غزہ میں دو لاکھ افراد کو جبری طور پر بےدخل کیا گیا، وہیں اسرائیل کا مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی قبضہ بڑھنے لگا ہے جہاں 22 نئی یہودی بستیوں کی منظوری دے دی۔
ادھر اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ اسرائیلی فوج امداد کے منتظر لوگوں کو چن چن کر نشانہ بنارہی ہے۔ ترجمان اسٹیفن ڈوجرک نے کہا جنگ شروع ہونے کے بعد سے یہ اب تک کی بدترین اور تباہ کن صورتحال ہے، امداد اب اسرائیل اور امریکا کی زیرانتظام نئی این جی او غزہ ہیومینٹیرین فاؤنڈیشن کے تحت تقسیم کی جارہی ہے جوکہ نہ ہونے کے برابر ہے۔