ایشیا کپ میں پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان ہونے والے میچ سے قبل پیدا ہونے والی غیریقینی صورتحال ختم ہو گئی ہے۔ متنازع میچ ریفری کے معاملے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے درمیان معاملات طے پا گئے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے میچ ریفری کی نامزدگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی کو دو الگ خطوط لکھے تھے، جن میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ بعض فیصلے یک طرفہ اور غیر شفاف انداز میں کیے گئے ہیں۔
پی سی بی کے مؤقف کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی سی سی نے معاملے پر نظرثانی کی، جس کے بعد فریقین کے درمیان مفاہمت ہو گئی۔
قبل ازیں، ٹیم ہوٹل میں موجود رہی اور میچ کے حوالے سے حتمی فیصلے کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ تاہم، معاملہ حل ہونے کے بعد ٹیم کو میدان میں روانگی کا گرین سگنل دے دیا گیا ہے۔
قذافی اسٹیڈیم میں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور رمیز راجہ کی آمد بھی مشاورت کا حصہ بنی، جہاں انہوں نے موجودہ چیئرمین محسن نقوی سے اہم امور پر تبادلہ خیال کیا۔