دبئی میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی کے اہم میچ میں پاکستان نے میزبان یو اے ای کو جیت کیلئے 147 رنز کا ہدف دیا ہے۔
ایشیا کپ میں گروپ اے کے میچ میں یو اے ای نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
یو اے ای کے خلاف میچ کیلئے پاکستان ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں۔ سفیان مقیم اور فہیم اشرف کی جگہ حارث رؤف اور خوشدل شاہ کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔
پاکستان نے یو اے ای کے خلاف مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 146 رنز اسکور کیے۔ فخر زمان نے 50 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ شاہین شاہ آفریدی 14 گیندوں پر 29 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔
پاکستان اور یو اے ای کے اس میچ کی فاتح ٹیم اگلے مرحلے (سپر فور) کےلیے کوالیفائی کرے گی اور ہارنے والی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوجائے گی۔
اب تک کھیلے گئے تمام میچز میں پاکستانی ٹیم نے یو اے ای کو شکست سے دوچار کیا ہے۔