دوحہ پر اسرائیلی حملہ: جی سی سی کا مشترکہ فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط کرنے کا اعلان

دوحہ پر اسرائیلی حملے کے بعد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) نے مشترکہ فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط کرنے کا اعلان کردیا، خلیجی ممالک نے دفاعی میکانزم کو بہتر بنانے اور 6 نکاتی ایجنڈے پر اتفاق کیا جب کہ مشترکہ ٹریننگ اور مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ پر بھی زور دیا ہے۔

قطر کے دارالحکومت دوحہ پر 9 ستمبر کو ہونے والے اسرائیلی فضائی حملے کے بعد خلیج تعاون کونسل (جی سی سی) کے ہنگامی سربراہی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔

اجلاس میں جی سی سی ممالک نے مشترکہ فضائی دفاعی نظام کو مزید مضبوط کرنے اور علاقائی سلامتی کے لیے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا ہے۔

جی سی سی کے اعلامیے کے مطابق دوحہ اجلاس میں 6 خلیجی ممالک سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، بحرین، کویت اور عمان نے دفاعی میکانزم کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا جب کہ خلیجی تعاون کونسل ممالک نے 6 نکاتی ایجنڈے پر بھی اتفاق کرلیا۔

اعلامیے کے مطابق اجلاس میں مشترکہ ٹریننگ اور مشترکہ انٹیلی جنس شیئرنگ پر زور دیا گیا ہے جب کہ جی سی سی ممالک کے درمیان علاقائی دفاعی نظام کے لیے مشترکہ کو آرڈی نیشن پر بھی اتفاق کیا گیا ہے۔


AAJ News Whatsapp

اعلامیے کے مطابق خلیجی سربراہی اجلاس کے فیصلے کو اسرائیلی جارحیت کے خلاف اجتماعی پیغام قرار دیا گیا اور فیصلے میں اسرائیلی عزائم کے خلاف اجتماعی مزاحمت کا اعلان بھی کیا گیا۔

اعلامیے میں جی سی سی ممالک نے واضح کیا کہ کسی ایک رکن ملک پر حملہ تمام رکن ممالک پر حملہ تصور کیا جائے گا اور خطے میں کسی بھی جارحیت کا سخت اور مشترکہ جواب دیا جائے گا۔

جاری کیے گئے اعلامیہ کے اہم نکات

  • خلیجی ممالک نے ایک دوسرے کے ساتھ دفاعی تعاون اور انٹیلی جنس شیئرنگ کو مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا۔

  • بیلسٹک میزائل دفاعی نظام کے لیے پیشگی وارننگ سسٹم کو تیز رفتاری سے نصب کرنے پر زور دیا گیا۔

  • آئندہ تین ماہ میں رکن ممالک کی فضائی افواج مشترکہ مشقیں کریں گی تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کا فوری جواب دیا جا سکے۔

  • مشترکہ کمانڈ ڈھانچے کو اپ گریڈ کرنے اور نئے دفاعی منصوبے شامل کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

یاد رہے کہ اسرائیل نے دوحہ میں ہونے والے حماس رہنماؤں کے مشاورتی اجلاس پر فضائی حملہ کیا تھا جس میں 5 افراد شہید ہوگئے تھے۔

Similar Posts