انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو ایشیا کپ میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے پر سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا دعویٰ بھارتی میڈیا کی طرف سے کیا گیا ہے۔
کرکٹ میں سیاست کو گھسیٹتے ہوئے بھارتی میڈیا نے 21 سمتبر بروز اتوار کو ہونے والے پاکستان اور انڈیا کے میچ سے قبل ایک اور نیا شوشہ چھوڑ دیا ہے۔
انڈیا ٹوڈے نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ آئی سی سی کے سی ای او سنجوگ گپتا نے پی سی بی کو ایک ای میل بھیجی ہے جس میں سوال اٹھایا گیا ہے کہ 17 ستمبر کو یو اے ای کے خلاف پاکستان کے میچ سے قبل میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے ساتھ ہونے والی میٹنگ کو کپتان اور میچ آفیشلز کے ساتھ کیوں فلمایا گیا جہاں موبائل فون اور کیمرے لے جانے پر پابندی عائد ہے۔
اس کے علاوہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایشیا کپ میں یو اے ای کے خلاف میچ سے قبل پاکستانی ٹیم نے متعدد ٹورنامنٹ قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق آئی سی سی پاکستان کرکٹ بورڈ کے خلاف کارروائی پر غور کر رہا ہے۔ مزید کہا گیا کہ پی سی بی نے میچ ریفری کی معذرت کرنے ویڈیو سوشل میڈیا پر شئیر کی گئی جس پر آئی سی سی نے برہمی کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ اینڈی پائی کرافٹ نے بھارت اور پاکستان کے میچ میں کپتان سلمان آغا کو بھارتی ٹیم کے کپتان سوریا کمار یادو سے ہاتھ ملانے سے منع کیا تھا جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے میچ ریفری کو ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔
بعد ازاں یہ تنازع اتنا شدت اختیار کرگیا تھا کہ اینڈی پائی کرافٹ کو پی سی بی اور پاکستانی ٹیم سے معذرت کرنی پڑ گئی تھی۔