ایشین گیمز : پاکستان بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا

ایشین گیمز 2026 کے پہلے سیمی فائنل میں پاکستان بنگلادیش کو شکست دے کر فائنل میں پہنچ گیا ہے، پاکستان نے بنگلادیش کو 6 وکٹوں سے شکست دے دی ہے، جبکہ فائنل میچ 3 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔

جاپان کے کوروگی اسپورٹس پارک، نشین میں کھیلے گئے میچ میں بنگلادیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 13 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 111 رنز بنائے، جس کے جواب میں پاکستان نے ہدف 11.3 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

112 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز اچھا نہ رہا اور کپتان صاحبزادہ فرحان صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد ٹی20 انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے معاز صداقت نے 7 گیندوں پر 15 رنز بنائے، تاہم وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ رک سکے۔

صائم ایوب نے 12 گیندوں پر 21 رنز کی تیز اننگز کھیلی، جس میں 2 چھکے شامل تھے، لیکن ان کے بعد عثمان خان بھی پویلین واپس لوٹ گئے۔ پاکستان کی 4 وکٹیں صرف 53 رنز پر گر چکی تھیں اور اس مرحلے پر بنگلادیش میچ میں مضبوط پوزیشن میں دکھائی دے رہا تھا۔

تاہم عبدالصمد اور حسن نواز نے ذمہ داری سنبھالی اور پانچویں وکٹ کے لیے ناقابل شکست 59 رنز کی شراکت قائم کرکے میچ کا رخ پاکستان کے حق میں موڑ دیا۔

عبدالصمد نے صرف 15 گیندوں پر ناقابل شکست 30 رنز بنائے، جس میں 5 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ انہوں نے بنگلادیش کے تجربہ کار فاسٹ بولر مستفیض الرحمٰن کے دسویں اوور میں 22 رنز بٹور کر پاکستان کی جیت تقریباً یقینی بنا دی۔

اس اوور سے قبل پاکستان کو آخری 4 اوورز میں 36 رنز درکار تھے۔ حسن نواز نے پہلی گیند پر ایک رن لیا، جس کے بعد عبدالصمد نے مستفیض الرحمٰن کو لانگ آن کے اوپر سے چھکا لگایا اور پھر مسلسل 4 چوکے جڑ دیے۔ اس اوور میں مجموعی طور پر 23 رنز بنے اور پاکستان کو آخری 18 گیندوں پر صرف 13 رنز درکار رہ گئے۔

عبدالصمد نے اس اوور کی 5 گیندوں پر 22 رنز بنائے، جس کے نتیجے میں پاکستان کا اسکور 76 رنز 4 وکٹوں سے بڑھ کر 99 رنز 4 وکٹ ہوگیا۔

دوسری جانب حسن نواز نے بھی ان کا بھرپور ساتھ دیا اور 22 گیندوں پر 27 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ ان کی اننگز میں 2 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔

اس سے قبل ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے والی بنگلادیشی ٹیم نے 13 اوورز میں 7 وکٹوں پر 111 رنز بنائے۔ توحید ہردوئے نے سب سے زیادہ 42 رنز اسکور کیے۔ انہوں نے 25 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے تیز اننگز کھیلی۔ سیف حسن نے 19 رنز بنائے۔

پاکستان کے اسپنرز نے بنگلادیشی بیٹرز کو مسلسل دباؤ میں رکھا۔ سفیان مقیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 26 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عرفات منہاس نے 23 رنز کے عوض 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ صائم ایوب نے بھی اپنے 2 اوورز میں صرف 3 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

اس کامیابی کے ساتھ پاکستان ایشین گیمز مینز کرکٹ کے گولڈ میڈل میچ میں پہنچ گیا ہے۔ پاکستان کا فائنل میں سامنا دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان ہونے والے میچ کے فاتح سے ہوگا۔

گولڈ میڈل کا میچ ہفتہ 3 اکتوبر کو اسی میدان، کوروگی اسپورٹس پارک میں کھیلا جائے گا۔

Related posts