ایشیا کپ ٹی 20 کے 12 ویں میچ میں بھارت نے عمان کو جیت کے لیے 189 رنز کا ہدف دے دیا ہے۔
ابو ظہبی کے شیخ زید کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔
بھارت کی بیٹنگ
بھارت کی جانب سے اوپننگ بلے باز ابھیشیک شرما نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے جب کہ دوسرے اینڈ پر شبمن گل زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور صرف 5 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے علاوہ سنجو سیمسن نے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے 56 رنز کی اننگز کھیلی، آل راؤنڈر اکشر پٹیل نے بھی 26 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جب کہ تلک ورما نے 18 گیندوں پر 29 رنز اسکور کیے۔
بھارت کا اسکور ایک موقع پر 171 رنز تک پہنچ گیا تھا لیکن اختتامی اوورز میں عُمانی بولرز نے بہتر کم بیک کیا اور بھارتی بیٹرز کو بڑا اسکور بنانے سے روکے رکھا۔
عُمان کی جانب سے شاہ فیصل اور عامر کلیم نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 2،2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ جتن رمناندی نے بھی 2 وکٹیں حاصل کیں۔
بھارتی ٹیم نے اننگز کا اختتام 20 اوورز میں 8 وکٹوں پر 188 رنز پر کیا اور اب عُمان کو میچ جیتنے کے لیے 189 رنز درکار ہیں۔ بھارت کی بیٹنگ لائن اپ نے جارحانہ انداز اپنایا مگر عُمانی بولرز نے وقتاً فوقتاً وکٹیں حاصل کر کے دباؤ قائم رکھا۔
میچ کا ٹاس
ابوظبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے ایشیا کپ کے 12 ویں میچ میں بھارت کے کپتان سوریا کمار یادو نے ٹاس جیت کر پہلے خود بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔
ٹاس کے بعد بھارتی کپتان سوریا کمار کا کہنا تھا کہ ٹیم بیٹنگ لائن اپ پر پُراعتماد ہے اوروہ ایک بڑے اسکور کے ساتھ مخالف ٹیم پردباؤ ڈالنے کی حکمت عملی اپنائیں گے۔
بھارت نے میچ کے لیے اپنے اہم کھلاڑیوں کو برقرار رکھا ہے جب کہ نوجوان بیٹسمینوں کو بھی کارکردگی دکھانے کا موقع دیا جا رہا ہے، بھارتی ٹیم اس وقت ٹورنامنٹ میں اچھی فارم میں نظرآ رہی ہے اور فائنل کی دوڑ میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کرنا چاہتی ہے۔
بھارتی ٹیم میں 2 تبدیلیاں کی گئیں ہیں۔ ہرشت رانا اور ارشدیپ سنگھ کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
دوسری جانب عُمان کے کپتان نے کہا کہ اگرچہ ٹاس ہارنا ان کے لیے تھوڑا نقصان دہ ہے، مگر ان کے بولرز بہترین کارکردگی دکھانے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جیسی مضبوط ٹیم کے خلاف کھیلنا ان کے کھلاڑیوں کے لیے بڑا موقع ہے اور اگر ابتدائی اوورز میں وکٹیں حاصل کر لیں تو میچ میں کم بیک ممکن ہے۔
بھارت اور عمان کے درمیان میچ ابوظہبی کے شیخ زید انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے جہاں تماشائی بڑی تعداد میں موجود ہیں، کرکٹ شائقین اس دلچسپ مقابلے کے لیے پرجوش ہیں اور دونوں ٹیموں کی جانب سے سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔
بھارت کا اسکواڈ
بھارت کی پلیئنگ الیون میں ابھیشیک شرما، شبھمن گل، سنجو سیمسن، ہردیک پانڈیا، سوریا کمار یادیو، تلک ورما، شیوم دوبے، اکشر پٹیل ، ہرشت رانا، ارشدیپ سنگھ، کلدیپ یادیو شامل ہیں۔
عمان کا اسکواڈ
عمان کی پلیئنگ الیون میں جتیندر سنگھ، عامر کلیم، حماد مرزا، ونایک شکلا، شاہ فیصل، محمد ندیم، آریان بشت، ذکریا اسلام، شکیل احمد، سمے شریواستو، جتن رماندی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ایونٹ میں بھارت اور عمان 2،2 میچز کھیل چکے ہیں، بھارت نے دونوں میچز جیتے ہیں جب کہ عمان کو کسی بھی میچ میں کامیابی نہیں ملی۔
گروپ اے میں بھارت اور پاکستان کے4، 4 پوائنٹس ہیں، نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت پہلے اورپاکستان دوسرے نمبر پر ہے۔ یو اے ای 2 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں 2 میچ جیتنے کے بعد پہلے ہی سپر فور میں پہنچ چکی ہے جب کہ گزشتہ روز سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹ سے ہرا کر سپر فور کےلیے کوالیفائی کیا تھا۔
سری لنکا کی کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ میں سپر فور کی 4 ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا۔ گروپ اے کی پاکستان، بھارت اور گروپ بی کی سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیمیں اگلے مرحلے میں مقابلہ کریں گی۔
ایشیا کپ کا آج آخری گروپ میچ ہے، کل سے سپر فور مرحلے کا آغاز ہوگا، پہلا میچ گروپ بی میں پہلی اور دوسری پوزیشن کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 21 ستمبر کو ایونٹ میں دوبارہ مد مقابل ہوں گی۔