ایشیا کپ: سپر 4 ٹیموں کا انتخاب مکمل، کون سی ٹیم کب کس سے ٹکرائے گی؟

ایشیا کپ ٹی 20 میں سری لنکا کے ہاتھوں افغانستان کی شکست کے بعد ایونٹ میں سپر 4 ٹیموں کا انتخاب مکمل ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز ایشیا کپ میں سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا اور افغانستان کا ایونٹ میں سفر ختم ہو گیا اور ساتھ ہی بنگلا دیش کی ٹیم بھی اگلے مرحلے میں پہنچ گئی۔

سری لنکا کی کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ میں سپر 4 کی ٹیموں کا فیصلہ ہو گیا۔ گروپ اے سے بھارت اور پاکستان جب کہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلا دیش کی ٹیموں نے سپر 4 مرحلے کے لیے کوالیفائی کیا ہے۔

ایونٹ میں آج پہلے مرحلے کا آخری میچ بھارت اور عمان کے درمیان کھیلا جائے گا جس کے بعد کل سے سپر 4 مرحلے کے میچز شروع ہوجائیں گے۔

سپر 4 میں کون سی ٹیم کب کس سے ٹکرائے گی؟

ایشیا کپ 2025 کے سپر 4 مرحلے کا شیڈول سامنے آگیا ہے، اس مرحلے میں 6 اہم میچز کھیلے جائیں گے جب کہ فائنل 28 ستمبر کو ہوگا۔


AAJ News Whatsapp

سپر 4 مرحلے کا پہلا میچ 20 ستمبر کو دبئی میں بنگلا دیش اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا جب کہ 21 ستمبر بروز اتوار کو دبئی ہی میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت آمنے سامنے ہوں گے۔

اس کے بعد 23 ستمبر کو ابوظبی میں پاکستان اور سری لنکا کا مقابلہ ہوگا جب کہ 24 ستمبر کو دبئی میں بنگلا دیش اور بھارت مدِمقابل ہوں گے۔

25 ستمبر کو دبئی میں پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان میچ کھیلا جائے گا جب کہ 26 ستمبر کو دبئی میں بھارت اور سری لنکا میدان میں اتریں گے۔

سپر 4 مرحلے کے بعد ٹاپ کی 2 ٹیموں کے درمیان فائنل28 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

Similar Posts